پاکستان کے سید محمد سلمان طارق بخاری آئندہ 2 سال کیلئے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے سینئر نائب صدر اور مہر محمد یوسف ہارون ڈائریکٹر ٹیکنیکل منتخب

منگل 11 دسمبر 2018 15:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) پاکستان کے سید محمد سلمان طارق بخاری آئندہ 2 سال کیلئے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے سینئر نائب صدر اور مہر محمد یوسف ہارون ڈائریکٹر ٹیکنیکل منتخب ہو گئے ہیں۔ ورلڈ بلائنڈ لمیٹڈ کی2 روزہ 21 ویں سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں منعقد ہوئی۔ اس دوران ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات بھی منعقد ہوئے جس میں پاکستان نے ایگزیکٹو کمیٹی کے دو عہدوں پر بلا مقابلہ کامیابی حاصل کی۔

انتخابات میں سید محمد سلمان طارق بخاری پہلی مرتبہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے آئندہ 2 سالوں کیلئے سینئر نائب صدر منتخب ہوئے ہیں جبکہ مہر محمد یوسف ہارون مسلسل تیسری بار ڈائریکٹر ٹیکنیکل کے طور پر منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

اس دوران ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کا اجلاس بھی منعقد ہوا ۔ اجلاس کی صدارت ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر مہانتیش جی نے کی۔ اجلاس میں8 ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان کی تجویزپر نابینا خواتین کے لئے بین الاقوامی کرکٹ کی منظوری دی گئی اور رکن ممالک کے درمیان مقابلوں کو بین الاقوامی سیریز کی حیثیت حاصل ہوگی۔ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ نے آئندہ ماہ ہونے والی پاکستان اور نیپال بلائنڈ کرکٹ سیریز کو خواتین بلائنڈ کرکٹ کی پہلی بین الاقوامی سیریز قرار دے دیا۔اجلاس میں محدود اوورز کے کھیل میں مکمل نابینا باؤلرز کے کم از کم اوور کی تعداد 30 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد تک کر دی ہے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ پروفیشنل ایمپائرز کے پینلز تشکیل دے گی اور اس میں ہر ممبر ملک کم ازکم ایک ایمپائر کی نامزدگی کرے گا۔