ملک و قوم کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی آنکھیں گنوانے والا بہادر فوجی افسر

کرنل ایوب حیدر ابھی بھی قومی جذبے سے سرشار، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 دسمبر 2018 15:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) : پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا بھر کی بہترین اور پیشہ ورانہ افواج میں ہوتا ہے۔ پاکستان میں دہشتگردی پر قابو پانے اور ملک کی طرف اُٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو زبردست اور منہ توڑ جواب دینے کا سہرا بھی پاکستان کی مسلح افواج کے سر ہے ۔ ایسے کئی بہادر جوان ہیں جو ملک و قوم کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے لیکن ملک کی خاطر جان قربان کرنے والے شہیدوں کو جہاں قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے وہاں کئی ایسے غازی بھی موجود ہیں جو جنگ سے واپس تو لوٹ آتے ہیں لیکن ان کے لیے جنگ میں ہونے والا جسمانی نقصان کوئی معنی نہیں رکھتا ، نہ ہی ان کو پہنچنے والی کوئی چوٹ ان کے جذبہ حُب الوطنی کو کم کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ایسے ہی ایک بہادر فوجی افسر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جنہوں نے دہشتگردوں کے ساتھ مقابلوں میں اپنی دونوں آنکھیں گنوا دیں اور بصری قوت سے محروم ہو گئےلیکن جذبہ حب الوطنی میں سرشار اس بہادر کرنل نے اُف تک نہیں کی۔ کرنل ایوب حیدر نے اپنے ساتھی جوانوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کی دونوں آنکھوں پر پٹیہ بندھی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے۔

ویڈیو میں کرنل ایوب نے کہا کہ میں جسمانی طور پر بالکل ٹھیک ہوں۔ تم لوگ پریشان نہ ہو ، بس کچھ دنوں کی بات ہے ، میں بہت جلد تم سب کے ساتھ ہوں گا۔ آپ سب ہنستے رہیں اور خوش رہیں ، میں جلد واپس آؤں گا اور پھر ہم آپس میں گپ شپ کریں گے جیسے پہلے کیا کرتے تھے۔کرنل ایوب کی اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

 اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جو اپنی پرواہ کیے بغیر ملک و قوم کی حفاظت کرتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کرنل ایوب حیدر تنولی ڈپٹی کمانڈنٹ پنجاب رینجر بہاول پور ریجن تعینات ہیں۔ کرنل ایوب ڈیرہ غازی خان کے ایک دیہات واہو ،جو کہ صوبہ خیبرپختونخواہ اور پنجاب کی سرحد پر ہے ، پر اپنی ٹیم کے ہمراہ معمول کی گشت پر تھے کہ اچانک ان کا دہشت گردوں کے ساتھ آمنا سامنا ہوا۔ دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں کرنل ایوب نے جوابی کارروائی کی اور ایک دہشتگرد کو موقع پر ہی جنہم واصل کر دیا جبکہ دوسرے دہشتگرد کو زندہ پکڑنے کی کوشش کی لیکن اُس دہشت گرد نے ہینڈ گرنیڈ پھنکا جس میں کرنل ایوب حیدر تنولی اور ان کا ایک سپاہی رحمان فاروق شدید زخمی ہو گئے تھے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ قوم ایسے جوانوں اور بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔