کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ‘ بھارت طاقت کے بل پر کشمیریوں کو کو زیاد ہ دیر غلام نہیں رکھ سکتا‘سردار عتیق احمد خان

پاکستان کشمیر کی تحریک آزادی کا وکیل اور پشت بان ہے ۔ کشمیری عوام نے پاکستان سے الحاق کیلئے طویل جدوجہد کی ہے

منگل 11 دسمبر 2018 15:40

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ‘ بھارت طاقت کے بل پر کشمیریوں کو کو زیاد ہ دیر غلام نہیں رکھ سکتا ‘ وہ گزشتہ روز دورہ سعودی عرب کے دوران مسلم کانفرنس کے کارکنوں کی طرف سے دیئے گئے استقبالئے سے خطاب کررہے تھے ۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کشمیر کی تحریک آزادی کا وکیل اور پشت بان ہے ۔ کشمیری عوام نے پاکستان سے الحاق کیلئے طویل جدوجہد کی ہے ۔ اس تعلق میں دراڑ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی ۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے تاریخ کی خطرناک اور مشکل ترین جنگ لڑ کر اپنی صلاحیت ثابت کی ہے ۔

(جاری ہے)

اس کامیابی کو سبوتاژ کرنے کیلئے دشمن طاقتیں سازشوں میں مصروف ہیں ۔

اس کیلئے فکری انتشار کو سوشل میڈیا کے اور دوسرے ذرائع سے کام لے رہے ہیں ۔ ان حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے فکری اور نظریاتی یکسوئی کی ضرورت ہے ۔ مسلم کانفرنس کے کارکنوں پر فرض ہے کہ وہ ہر قدم پر نظریاتی انتشار پھیلانے والوں کا بھرپور مقابلہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو مسئلہ کشمیر کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے بھارت پر دبائو بڑھانا ہوگابصورت دیگر جنوبی ایشیاء کا مستقبل شدید خطرات کی زد میں رہے گا اور یہاں سرمایہ کاری اور ترقی کا خواب پورا نہیں ہوگا۔