کشمیری قوم کو سردار عتیق احمد خان جیسے بے باک قائد کی اشد ضرورت ہے ‘ رہنماء مسلم کانفرنس لچھراٹ

منگل 11 دسمبر 2018 15:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس حلقہ لچھراٹ کا اجلاس گزشتہ روز مسلم کانفرنس کے دفتر گھڑی پن چوک منعقد ہوا ۔ اجلاس میں صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ۔ اس کے علاوہ 18دسمبر کو رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی برسی کے حوالہ سے جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں یوتھ ونگ کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین سید یاسر نقوی ایڈووکیٹ ، سابق چیئرمین ضلع زکوٰة کونسل میر افتخار احمد ، حلقہ کے کنونیئر رفیق عباسی ،جنرل سیکرٹری سجاد سلہریا ، مرکزی مجلس عاملہ کے ممبران میر علی بہادر ، وحید خان مغل ، آفتاب سلہریا ، سلیم عباسی ، لیاقت اعوان ، غلام محی الدین قریشی ، یاسین عباسی ، سید منصور نقوی ،سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاست کی سواداعظم جماعت ہے ۔جو عقیدے اور نظریے کا نام ہے ۔ ہمارا اوڑھنا بچھونا مسلم کانفرنس ہے ۔ کشمیری قوم کو سردار عتیق احمد خان جیسے بے باک قائد کی اشد ضرورت ہے ۔ جماعتوں پر مشکل وقت آتے رہتے ہیں لیکن وہ عظیم لوگ ہوتے ہیں جو اپنی جماعت کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی عوام کے مسائل حل کرنے میں مسلم کانفرنس کا کردار ڈھکا چھپا نہیں ہے ۔ مسلم کانفرنس نے مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کی آواز ہر فورم پر بلند کی ہے ۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 18دسمبر بروز منگل رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی برسی میں حلقہ لچھراٹ سے کثیر تعداد میں عوام شرکت کرے گی ۔