کرتا پور بارڈر کھلنے کے بعد پاک بھارت تجارتی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے ‘افتخار بشیر

دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم37ارب ڈالر تک بڑھ سکتا ہے‘صدرگرائنڈنگ ملز ایسویسی ایشن

منگل 11 دسمبر 2018 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کامیاب سفارتی کوششوں سے کرتا پور بارڈرکھلنے کے بعد پاک بھارت تجارتی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم37۔ارب ڈالر تک بڑھ سکتا ہے جس سے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیاں تجارت ان کی صلاحیت سے بہت زیادہ کم ہے ۔اور اس میں اضافہ تب ہی ممکن ہے جب دونوں ممالک کے درمیان رکاوٹیں ختم ہوں اوربھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں کا خاتمہ ہو۔انہوںنے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں 39ارب70کروڑ روپے کی تجارت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن اس کا موجودہ تجارتی حجم صرف 5 ارب ایک کروڑ ڈالر ہے پاک بھارت سرحدیں ساتھ ملنے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ممکن ہے اس لیے حکومت اس طرف خصوصی توجہ دے تاکہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔