ْعالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، پیپلز موومنٹ

منگل 11 دسمبر 2018 15:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت رہنما اور پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن منارہی ہے، جموںوکشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہیں اور کشمیری نوجوانوں کو خاص طورپر ہدف بنا کر شہید کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی تمام حدیںپار کرلی ہیںاور عالمی برادری کو اپنی خاموشی توڑ کرکشمیریوں کی کو نسل کشی کو روکنا چاہیے۔

(جاری ہے)

حریت رہنما نے بھارتی فورسز کی طرف سے مشترکہ حریت قیادت کے خلاف کریک ڈائون اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کی شدید مذمت کی ۔

انہوں نے کہا بھارت حق خودارادیت کے حصول کی خاطر کشمیریوں کی پرامن سیاسی جدوجہد کو دبانے کے لیے ہرقسم کے حربے استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے پیدائشی حق کے حصول کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیںاور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اس حق سے محروم نہیں رکھ سکتی۔