میثاق جمہوریت کی طرز پر میثاق معیشت چارٹر کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا قومی اسمبلی میں اٹھائے گئے نکات کا جواب

منگل 11 دسمبر 2018 15:51

میثاق جمہوریت کی طرز پر میثاق معیشت چارٹر کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت کی طرز پر میثاق معیشت چارٹر کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے‘ اس میں ایوان کی تجاویز سمیت باہر سے ماہرین معاشیات کی تجاویز بھی شامل کی جائیں تو آئندہ 20 سے 30 سال کے لئے ہمارے پاس ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے لائحہ عمل موجود ہوگا۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن ریاض الحق جج کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ میثاق جمہوریت کی طرز پر میثاق معیشت جیسا چارٹر بنانے کے لئے پیشرفت ہونی چاہیے، اس حوالے سے عالمی شہرت یافتہ ماہرین معاشیات کو بلایا جائے اور اس ایوان کی تجاویز کو سامنے رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے معاملے پر بھی یہاں بحث ہونی چاہیے۔ یہاں سے 20 سے 30 سال کے لئے جو چارٹر بنیں گے تو اس سے عوام کو احساس ہوگا کہ اس ایوان کو ان کی فکر ہے۔ قبل ازیں ریاض الحق جج نے مطالبہ کیا کہ میثاق جمہوریت کی طرز پر میثاق معیشت پر بھی دستخط ہونے چاہئیں تاکہ ایک ایسا چارٹر ہو جس پر آنے والی تمام حکومتیں عمل پیرا ہوکر ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے ایجنڈے پر کاربند رہیں۔