قومی سلامتی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ مارچ 2019ء تک نیکٹا کو مزید فعال بنا دیا جائے گا، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی

منگل 11 دسمبر 2018 15:55

قومی سلامتی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ مارچ 2019ء تک نیکٹا کو مزید ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ قومی سلامتی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ مارچ 2019ء تک نیکٹا کو مزید فعال بنا دیا جائے گا جبکہ اپوزیشن کی طرف سے قومی مرکز برائے انسداد پرتشدد و انتہاپسندی بل 2018ء پیش کرنے کی وزیر مملکت برائے داخلہ کی مخالفت کی بناء پر تحریک مسترد کردی گئی۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی میں رومینہ خورشید عالم نے تحریک پیش کی کہ قومی مرکز برائے انسداد پرتشدد انتہا پسندی بل 2018ء پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ قومی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے نیکٹا میں غور جاری ہے۔ موجودہ حکومت کی تمام تر توجہ قومی سلامتی پر ہے، حکومت پہلے ہی اس معاملے پر غور کر رہی ہے۔ فاضل رکن کو مارچ تک کا انتظار کرنا چاہیے۔ شہریار آفریدی نے بل کی مخالفت کی۔ تحریک کی محرک کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کے سوالات کے جواب میں شہریار آفریدی نے کہا کہ مارچ 2019ء میں بل کے مسودے میں شامل تحفظات کو شامل کرلیا جائے گا، جن امور کا اس میں تذکرہ ہے ان پر نیکٹا میں غور جاری ہے۔