حریت قائدین کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط ، مسئلہ کشمیر حل کروانے کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل

منگل 11 دسمبر 2018 16:17

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2018ء) حریت قائدین سید علی شاہ گیلانی ، میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے نام اپنے ایک مکتوب میں حکومت ہند ور ریاستی حکام کی جانب سے جموں وکشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی بے دریغ پامالیوں ، قتل و غارت ، ماردھاڑ اور انسانیت سوز مظالم کی جانب توجہ دلاتے ہوئے موصوف سے ان پامالیوں کے انسداد کی اپیل کی ہے ۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر دنیا کا وہ واحد خطہ ہے جہاں جانوروں کے حقوق کے تحفظ کی بات تو کی جاتی ہے لیکن انسانوں کے حقوق جس بے دردی سے پائمال کئے جا رہے ہیں اور مسلمہ انسانی اور جمہوری قدروں کی بیخ کنی کی جا رہی ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دو روز قبل ہی جب دنیا عالمی حقوق انسانی دن منا رہی تھی بھارتی فورسز نے شہر سرینگر کے متصل دو کمسن چودہ سالہ مدثر احمد اور سترہ سالہ ثاقب سمیت تین نوجوانوں کو نہ صرف بیدردی سے موت کے گھاٹ اتارا بلکہ سات رہائشی مکانات بھی جلاد یئے ۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کشمیر میں نافذ کالے قوانین کی آڑ میں اور جو اب دہی کے کسی بھی تصور سے بالاتر ہو کر بھارتی فورسز اور اس کی مختلف ایجنسیاں یہاں خونین کھیل کھیل رہی ہیں اور پورے کشمیر کو قتل گاہ میں تبدیل کر دیا گیاہے مراسلے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے درمندانہ اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی منصبی اور آئینی ذمہ داریوں کے پیش نظر کشمیری عوام کو تحفظ دینے اور ان کا اپنا پیدائشی حق ، حق خودارادیت دالوانے میں اپنا موثر اور نتیجہ خیز کردار ادا کر؁ن تاکہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق دیرپا حل نکالا جا سکے ۔