رملہ میں یہودی کالونی میں فائرنگ ،

6یہودی آباد کار زخمی ہوگئے فلسطینی مزاحمت کاروں نے یہودی آباد کاروں کی ایک گاڑی پر فائرنگ کی اور اس کے بعد وہ بہ حفاظت فرار ہوگئے، اسرائیلی فوج کاالزام

منگل 11 دسمبر 2018 16:21

رملہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2018ء) اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں عوفرانامی یہودی کالونی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کم سے کم 6 یہودی آبادکار زخمی ہوگئے۔اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل 14 نے زخمیوں کی تعداد 9 بتائی ہے اور کہا ہے کہ ان میں سے بعض کی حالت خطرے میں ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں نے یہودی آباد کاروں کی ایک گاڑی پر فائرنگ کی اور اس کے بعد وہ بہ حفاظت فرار ہوگئے۔ جائے وقوعہ کے قریب نصب ایک کیمرے کی ریکارڈنگ سے دکھائی دیتا ہے کہ حملہ آوروں سے تھوڑے فاصلے پر اسرائیلی فوجی بھی موجود تھے مگر ان کی کارروائی سے قبلہ ہی حملہ آور فرار ہوگئے۔عبرانی نیوز ویب سائیٹ "0404" کے مطابق فلسطینی مزاحمت کاروں نے حملے کے لیے ٹیکسی کرائے پر لی تھی۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی گاڑی پر سوار مسافروں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ تین کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں جب کہ تین کو معمولی زخم آئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسرائیلی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔