شاہ لطیف ٹائون کیس :سپریم کورٹ نے مظفر ٹپی کو کل طلب کرلیا

یہ ٹپی کون ہے گرفتار نہ کریں انہیں کہیں عدالت نے طلب کیا ہے، جسٹس ثاقب نثار

منگل 11 دسمبر 2018 16:37

شاہ لطیف ٹائون کیس :سپریم کورٹ نے مظفر ٹپی کو کل طلب کرلیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے شاہ لطیف ٹاؤن میں قبضے کے الزامات پر سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اویس مظفر ٹپی کو کل بدھ کو طلب کرلیا۔منگل کے روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے شاہ لطیف ٹاؤن کے مکینوں کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ ٹپی کون ہی جو بھی ہے کل انہیں پیش کریں۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹپی کو گرفتار کرکے نہیں لائیں بلکہ انہیں بتائیں کہ عدالت نے طلب کیا ہے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا یہاں آئی جی سندھ موجود ہیں ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ اے آئی جی لیگل موجود ہیں، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ اویس مظفر ٹپی کو کل عدالت میں پیش کریں۔خیال رہے کہ شاہ لطیف ٹاؤن کے مکینوں نے درخواست میں شکایت کی تھی کہ ان کے علاقے میں اویس مظفر ٹپی نے لوگوں کی زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے۔