بروکولی اور کرم کلاں آنتوں کے سرطان سے تحفظ فراہم کرتے ہیں، برطانوی ماہرین

منگل 11 دسمبر 2018 16:52

بروکولی اور کرم کلاں آنتوں کے سرطان سے تحفظ فراہم کرتے ہیں، برطانوی ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) برطانوی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ بروکولی اور کرم کلاں کے باقائدہ استعمال سے آنتوں کے سرطان سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔لندن میں واقع فرانسِس کرِک انسٹیٹیوٹ کے سائنسدانوں کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سبزیاں ہضم ہوتے وقت جسم میں سرطان دورکرنے والے اجزاء خارج کرتی ہیں اور اسی لیے یہ سبزیاں اپنے اندر حیرت انگیز خواص رکھتی ہیں۔

اس کی آزمائش کے لیے بروکولی کے اجزا کو تجربہ گاہوں میں چوہوں پر آزمایا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آنتوں کی اندرونی دیواروں کے خلیات ہماری جلد کے خلیات کی طرح تیزی سے ٹوٹتے اوربنتے رہتے ہیں۔ اگر اس عمل میں گڑ بڑ ہوجائے تو کینسر کا مرض بھی لاحق ہوسکتا ہے۔ ماہرین نے اپنے تجربات کے دوران ان سبزیوں میں پائے جانے والے خاص کیمیائی مادے انڈول تھری کاربینول کو آزمایا، یہ کیمیائی مادہ آنتوں میں جاکر سٹیم سیلز کو بدلتا ہے۔

(جاری ہے)

آنتوں کے نئے استر بناتے وقت سوزش کو روکتا ہے اور امنیاتی خلیات کو طاقت دیتا ہے۔ تجربات کے دوران مشاہدہ کیا کہ اس کیمیکل کی وجہ سے آنتوں کے کینسر کے قریب پہنچ جانے والے چوہے بھی بیماری سے محفوظ رہے، جن چوہوں کی آنتوں میں سرطانی پھنسیاں بن رہی تھیں سبزیوں سے ان کی افزائش بھی رک گئی۔ اسی بنا پر ماہرین عوام کو زیادہ سے زیادہ سبزیاں کھانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔