صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ، وزیر اعظم آزاد کشمیر

جرمنی نے ہمیشہ ہمارے سماجی شعبہ کی ترقی میں ایک کردار ادا کیا ہے، 2005کے ہولناک زلزلہ کے بعد سے لیکر جرمنی نے صحت کے شعبہ میں ہماری سپورٹ کی جس پر ہم جرمن عوام اور حکومت کے شکرگزار ہیں،راجہ محمد فاروق حیدر ہر شخص کی صحت کی سہولیات ، تعلیم کی سہولیات تک رسائی بنیادی انسانی حق ہے،تعلیم و صحت کے شعبوں کے استحکام سے اچھا معاشرہ بنتا ہے اور صحت مند اور تعلیم یافتہ لوگوں سے معاشرہ آگے ترقی کرتا ہے ،جر مین سفیر

منگل 11 دسمبر 2018 16:57

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں سے ایک ہے جرمنی نے ہمیشہ ہی ہمارے سماجی شعبہ کی ترقی میں ایک کردار ادا کیا ہے 2005کے ہولناک زلزلہ کے بعد سے لیکر جرمنی نے صحت کے شعبہ میں ہماری سپورٹ کی جس پر ہم جرمن عوام اور حکومت کے شکرگزار ہیں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر آئندہ پیداہونے والے چیلنجز سے بروقت نمٹنے کے لئے ہمیں مزید ہسپتال ، سڑکیں اور تعلیمی ادارے بنانے کے لئے ابھی سے فعال ہونا ہوگا۔

دوسری جنگ عظیم کی تباہی کے بعد جرمنی کا دوبارہ ترقی یافتہ ممالک میں لیڈنگ کردار کرنا ہمارے لئے بڑا متاثر کن ہے وہ منگل کے روز عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) میں جرمن سفیر مارٹن کوبلر کے ہمراہ ریجنل بلڈ سنٹر کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ، جرمن سفیر مارٹن کوبلر، سیکرٹری صحت میجر جنرل ملک محمد مسعود خان اور کے ڈبلیو ایف کی کنٹری ڈائریکٹر ولف گینگ مئولر نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ 2005کے زلزلہ کے بعد اور اب تک صحت کے شعبہ میں جرمن کی حکومت کی طرف امدادی منصوبے لائق تحسین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل بلڈ سنٹر مظفرآباد کے علاوہ باغ اور حویلی میں ہسپتال کی تعمیر میں بھی جرمن کی امداد لائق تحسین ہے اس موقع پر وزیر اعظم نے جرمن سفیر سے کہا کہ وہ آزاد کشمیر میں صاف پانی پینے کی فراہمی کے منصوبے میں بھی مالی معاونت کریں ۔

انہوں نے کہا کہ کہ عرصہ دس سالوں سے کم مقدار میں بارشوں کے باعث خشک سالی کے باعث زیر زمین آبی ذخائر میں بھی کمی آئی ہے اور آزاد کشمیر کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر یہاں پر صاف پینے کے پانی کی فراہمی نئے سڑکوں کی تعمیر ، نئے تعلیمی اداروں کا قیام کے لئے اقدامات اٹھانے ضروری ہوگئے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جرمن قوم نے جس طرح دوسری جنگ عظیم کی تباہ کاریوں کے بعد اپنی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا اور اب جرمن پوری یونین میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے یہ ہمارے لئے انتہائی متاثر کن ہے ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے جرمن حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کی عوام کے لیے بلڈ سنٹر کو ایک بہترین تحفہ قرار دیا ۔ انہوں نے خصوصی طور پر جرمن ٹیم کا مظفرآباد آمد پر ان کے لیے نیک خواہشات اور خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے وزیر صحت عامہ ، سیکرٹری صحت عامہ ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ اور ڈاکٹر نوید احمد کے عزم اور حوصلہ افزائی کی تعریف کی جن کی بدولت آزاد کشمیر کے عوام کو محفوظ انتقال خون کی بہترین سہولیات میسر ہوئیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جرمن سفیر کوبلر نے کہا کہ کے ایف ڈبلیو نے پاکستان کے اندر صحت کے شعبہ میں بہت سے امدادی منصوبے مکمل کئے ہیں جن میں بلڈ سنٹر کا قیام بھی شامل ہے اب تک مظفرآباد سمیت پاکستان میں بھی 10بلڈ سنٹر قائم کئے جا چکے ہیں جبکہ اسلام آباد سمیت 5شہروں میں مزید ریجنل بلڈ سنٹر قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآبا د ریجنل بلڈ سنٹر کے افتتاح کے موقع پر میں ٹویٹ بھی کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ انتقال خون سے منتقل ہونے والی بیماریوں کی روک تھام انتہائی اہم ہے ، تعلیم و صحت کے شعبوں کے استحکام سے اچھا معاشرہ بنتا ہے اور صحت مند اور تعلیم یافتہ لوگوں سے معاشرہ آگے ترقی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دس دسمبر کو عالمی سطح پر انسانی حقوق کا عالمی دن منایا گیا مگر کہتا ہوں کہ ہر شخص کی صحت کی سہولیات ، تعلیم کی سہولیات تک رسائی بھی بنیادی انسانی حق ہے جو دیگر حقوق کی طرح برابر اہمیت کا حامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے جو قدرتی آفات سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور آئندہ حالات کے پیش نظر ابھی سے تیاریاں کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے لئے یہ بہت اہم ہے کہ آپ رضا کارانہ طور پر خون کا عطیہ دیں اور اس کام کی حوصلہ افزائی کریں ۔ کسی بھی ممکنہ قدرتی آفت کے پیش نظر مزید ہسپتالوں کی منصوبہ بندی ہونی چاہیے جرمنی آپ کی معاونت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد جب جرمنی تقسیم ہوا تو میر خاندان بھی تقسیم ہوا اور خوشگوار موقع آیا کہ جرمنی اکھٹا ہو گیا اور ہمارا خاندان بھی ایک ہوگیااسی طرح توقع رکھنی چاہیے کہ کشمیری منقسم خاندانوں کے لئے بھی خوشگوار موقع پید اہوگا۔ سیاست اور تاریخ حتمی نہیں ہے ۔ یہ بلڈ سنٹر جرمن حکومت اور عوام کا آپ لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا نشان ہے ۔

جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر صحت عامہ کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے اس موقع پر پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل اور پراجیکٹ کی کامیابی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی غیر معمولی کوششوں کی انتہائی تعریف کی ۔ اس موقع پر انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سنٹر آزاد کشمیر میں محفوظ انتقال خون کا ایک نیا دور ہے ۔