پاکستان میں موجود آئی فون صارفین کے لیے بُری خبر

امپورٹڈ موبائل فونز پر ڈیوٹی ٹیکس عائد ہونے کے بعد آئی فون کی فروخت اثرانداز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 دسمبر 2018 16:44

پاکستان میں موجود آئی فون صارفین کے لیے بُری خبر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) : موجودہ حکومت نے امپورٹڈ موبائل فونز پر ڈیوٹی ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد آئی فون اور گوگل پگسل کی فروخت بھی اثر انداز ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق امپورٹڈ موبائل فونز پر ڈیوٹی ٹیکس عائد ہونے کے بعد ملک بھر میں امپورٹڈ موبائل فونز کی خرید و فروخت اثرانداز ہو گی۔ حکومت کی جانب سے ڈیوٹی ٹیکس عائد کیے جانے کے بعد پاکستان کی کئی ای کامرس کمپنیوں نے اپنے کیٹلاگ میں سے آئی فون کو نکال دیا ہے۔

ان ویب سائٹس میں دراز، ٹیلی مارٹ اور آئی شاپنگ شامل ہیں۔ ان ویب سائٹس پر اگر کوئی انٹرنیٹ صارف ''آئی فون'' یا ''پگسل'' لکھ کر سرچ کرنے کی کوشش کرے تو ویب سائٹ پر ایک صفحہ کھُلتا ہے جس پر تحریر ہوتا ہے کہ آپ کی مطلوبہ پراڈکٹ اس ویب سائٹ پر اب مزید دستیاب نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

اگر کوئی صارف ٹیلی مارٹ پر براہ راست آئی فون کا پیج کھولنے کی کوشش کرتا ہے تو اُسے بھی ویب سائٹ کے ایک ایسے پیج پر پہنچا دیا جاتا ہے جہاں تحریر ہوتا ہے کہ آپ کی مطلوبہ پراڈکٹ آؤٹ آف اسٹاک ہے۔

ان تمام امپورٹڈ پراڈکٹس کی اچانک سے ویب سائٹ سے غائب ہونے کی فی الوقت کوئی وجہ تو سامنے نہیں آ سکی لیکن ایسا لگتا ہے کہ ویب سائٹس سے ان امپورٹڈ موبائل فونز کے غائب ہونے کی وجہ حکومت کی جانب سے امپورٹڈ موبائل فونز پر عائد کیا جانے والا ڈیوٹی ٹیکس ہے۔ جس کے تحت امپورٹڈ موبائل فونز پر ڈیوٹی ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔ یعینی اگر ایک موبائل فون کی قیمت 24 ہزار روپے ہے تو اس موبائل فون پر 10 ہزار روپے کا اضافی ڈیوٹی ٹیکس عائد ہو گا۔ حکومت نے یہ فیصلہ الیکٹرانک ڈیوائسز بالخصوص مہنگے موبائل فونز کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیا ہے جنہیں بیرون ملک سے لا کر یہاں بلیک مارکیٹس میں فروخت کیا جاتا ہے۔