پاکستان رینجرز (سندھ) کا نارتھ کراچی کے علاقے میں کامیاب آپریشن

دو ملزمان گرفتار، اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ بر آمد ڈی جی رینجرز کی آپریشن میں حصہ لینے والے آفیسرز اور جوانوں کو کامیاب آپریشن پر مبارکباد

منگل 11 دسمبر 2018 17:15

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) پاکستان رینجرز (سندھ) نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کے دوران سیکٹر10 نارتھ کراچی کے علاقے سے ایم کیو ایم ساتھ افریقہ نیٹ ورک کے دو ملزمان مستقیم اور مقیم کو گرفتار کر لیا۔ منگل کو رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مکان نمبر R-369 بلاک 8 محلہ عزیز آباد فیڈرل بی ایریا کراچی وسطی میں چھاپہ مار کر اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد کا ایک بڑا ذخیرہ بر آمد کیا گیا جسے انتہائی مہارت کے ساتھ مکان کے اندر چھپایا گیا تھا۔

برآمد کئے گئے اسلحے، ایمونیشن میں 195 عدد رائفل گرینیڈ، 98 عدد40 ایم ایم گرینیڈ، 52 عدد ہینڈ گرینیڈ، 13 عدد ایلیومنیٹنگ گرینیڈ، 90 عدد آوان بم، 11 عدد راکٹ RPG-7 ، 49 عدد سیفٹی فیوز، 170 ڈیٹو نیٹرز، 17 کلو گرام پلاسٹک ایکسپلوزیو، 2 عدد RPG-7، 1 عدد گرینیڈ لانچر40 ایم ایم، 2 عدد ایم پی فائیو، 6 عدد ایم جی، 5 عدد ایل ایم جی، ایک عدد ایچ ایم جی، 2 عدد ڈریگانر اسنائپرز، 4 عدد ایس ایم جیز، ایک عدد 222 بور رائفل، ایک عدد پوائنٹ 22 بور رائفل، 6 عدد 7 ایم ایم رائفل، 2 عدد G-3 رائفل، 2 عدد 30 بور پسٹل، 4 عدد انڈر بیرل ایس ایم جی گرینیڈ لانچرز، ایک عدد این وی جی، ایک عدد 17AGS ، ایک عدد ٹیلی سکوپ سائیٹ، 4 عدد سائیلنسر، 13 عدد سپئیربٹ اسٹاکس ایس ایم جی، 107 عدد مختلف اقسام کے میگزینز، 17160 عدد رائونڈز ایس ایم جی، 100 عدد رائونڈز G-3، 3770 عدد رائونڈز 222 بور رائفل، 332 عدد رائونڈز 7 ایم ایم رائفل، 21820 عدد رائونڈز ایل ایم جی، 380 عدد رائونڈز 8 ایم ایم رائفل اور 10 عدد ٹرپ فلئیر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ مارچ 2015 ء میں ایم کیو ایم کے مرکز 90 پر رینجرز کے چھاپے کے بعد وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں روپوش ہو گئے تھے اور مسلسل ایم کیو ایم سائوتھ افریقہ نیٹ ورک کے ساتھ رابطے میں تھے۔ ملزم مستقیم نے مزید انکشاف کیا ہے کہ 1992 ء میں وہ بھارت فرار ہو کر جاوید لنگڑا کے ساتھ رہائش پذیر رہا۔ بعد ازاں ملزم مستقیم1993 ء میں پاکستان واپس آکر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہو گیا تھا، اس کے علاوہ ملزم مستقیم ایم کیو ایم سائوتھ افریقہ کے شجاع الدین عرف بوبی کے ساتھ بھی رابطے میں تھا۔

دونوں ملزمان کو مختلف سیاسی رہنمائوں کی ریکی اور ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ بھی دیا گیا تھا جس کی منصوبہ بندی ملزمان کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کو ایم کیو ایم سائوتھ افریقہ نیٹ ورک کی جانب سے کسی بھی دہشت گردی کی کاروائی کیلئے ہر وقت تیار رہنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔ ملزمان کی نشاندہی پر برآمد ہونے والے اسلحے، ایمونیشن اور بارودی مواد کی تعداد اور مقدار اتنی زیادہ ہے جسے استعمال کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ایک لمبی لڑائی کو جاری رکھا جا سکتا تھا۔

آپریشن کی کامیاب تکمیل پر ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید نے برآمد کئے گئے اسلحے، ایمونیشن اور بارودی مواد کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے آپریشن میں حصہ لینے والے آفیسرز اور جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں اس کامیاب آپریشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان رینجرز (سندھ) دہشت گردوں کی سرکوبی اور قیام امن کے لئے کوئی بھی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں اور مشکوک سرگرمی میں ملوث عناصر کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔