تازہ ترین (آئی سی سی) ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، کین ولیمسن 900 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے پہلے کیوی بلے باز بن گئے،

کوہلی کی ٹاپ پوزیشن کو بھی خطرہ، اظہر علی کی ٹاپ ٹین میں واپسی، عثمان خواجہ ٹاپ ٹین سے باہر، ہنری نیکولز کی ٹاپ ٹین میں انٹری، اسد اور بابر اعظم کی بھی ترقی، بائولرز میں ربادا ٹاپ پوزیشن پر براجمان، عباس کا چوتھا نمبر، یاسر شاہ نویں نمبر پر برقرار

منگل 11 دسمبر 2018 17:40

تازہ ترین (آئی سی سی) ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، کین ولیمسن 900 ریٹنگ پوائنٹس ..
دبئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) کین ولیمسن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں 900 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے پہلے کیوی بلے باز بن گئے، انہوں نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ آسٹریلوی بلے باز سٹیون سمتھ سے دوسری پوزیشن چھین لی، ویرات کوہلی ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہیں تاہم ان کی پوزیشن کو ولیمسن سے خطرہ لاحق ہو گیا ہے، چیتشور پوجارا 2 درجے ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے، پاکستان کے اظہر علی بھی دو سیڑھیاں چڑھ کر دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، ہنری نیکولز بھی 8 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں داخل ہو گئے، اسد شفیق کی ایک اور بابر اعظم کی تین درجے ترقی ہوئی ہے، بائولرز میں کگیسوربادا سرفہرست ہیں، محمد عباس ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے جبکہ یاسر شاہ نویں نمبر پر برقرار ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو آئی سی سی نے تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بلے بازوں میں کوہلی بدستور سرفہرست ہیں، نیوزی لینڈ کے ولیمسن ایک درجہ ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئے، انہوں نے سٹیون سمتھ کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا، اسطرح ولیمسن 900 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے پہلے کیوی بلے باز بھی بن گئے ہیں جبکہ وہ مجموعی طور پر 900 یا زائد ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے دوسرے کیوی کھلاڑی ہیں، اس سے قبل رچرڈ ہیڈلی نے بائولنگ کے شعبے میں 900 پوائنٹس کے ہندسے کو عبور کیا تھا، پوجارا 2 درجے ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے، روٹ ایک درجہ گرنے کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے، ہنری نیکولز 8 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، انہوں نے نویں پوزیشن سنبھال لی، اظہر علی 2 درجے بہتری کے ساتھ دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، اسد شفیق ایک سیڑھی چڑھ کر 21ویں اور بابر اعظم تین درجے اوپر چڑھ کر 35ویں نمبر پر آ گئے، آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ تین درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، انہوں نے 13واں نمبر سنبھال لیا، شان مارش 6 درجے ترقی کے ساتھ 38ویں، ٹم پین 4 درجے ترقی کے ساتھ 55ویں اور ٹریوس ہیڈ 17 درجے چھلانگ لگا کر 80ویں نمبر پر آ گئے، بائولرز میں کگیسوربادا سرفہرست ہیں، محمد عباس ایک درجہ گر کر چوتھے نمبر پر چلے گئے، ایشون ایک سیڑھی چڑھ کر چھٹے نمبر پر آ گئے، یاسر شاہ نویں نمبر پر برقرار ہیں، نیتھن لیون 14ویں، مچل سٹارک 2 درجے ترقی کے ساتھ 16ویں، جسپریت بمرا 5 درجے بہتری کے ساتھ 33ویں، کیوی سپنر سومر ویلی کی 63ویں پوزیشن کے ساتھ رینکنگ میں انٹری ہوئی ہے، اعجاز پٹیل 13 درجے چھلانگ لگا کر 66ویں نمبر پر آ گئے، بلال آصف بھی 5 درجے ترقی پا کر 58ویں نمبر پر آ گئے، آل رائونڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں۔

متعلقہ عنوان :