کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر مونگ و ماش کاشت کرنیکی ہدایت

منگل 11 دسمبر 2018 17:42

فیصل آباد۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) پنجاب میں مونگ اور ماش کے رواں سال کے پیداواری منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ چونکہ مونگ اور ماش کے پودوں کی جڑوں میں نائٹروجن فکسنگ بیکٹیریا موجود ہونے کے باعث یہ زمین کی زرخیز ی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں لہٰذا کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر مونگ و ماش کی کاشت یقینی بنائیں ۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ دالوں میں تقریباً 20سی24فیصد پروٹین موجود ہوتے ہیں جو کہ انسانی غذا کا اہم جزوہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماہرین زراعت مونگ اور ماش دالوں کی ایسی نئی اقسام وضع کرنے پر کام کرر ہے ہیں جوفی ایکڑ زیادہ پیداواری صلاحیت کے ساتھ خشک سالی کا بہتر مقابلہ کرسکیںگی۔انہوںنے بتایا کہ کاشتکاروں کو دالوں کی کاشت کی طرف راغب کرنے کے لیے معیاری بیج کی فراہمی کے ساتھ مارکیٹنگ کے مسائل کو حل کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دالوں کے غیر اہم ہونے کے تصور کا خاتمہ کرکے جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے زہروں اور کھادوں کے استعمال بارے کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی جائے جس سے ہمارے کاشتکار دالوں کی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے دالوں کی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے اوردالوں کی درآمد پر خرچ ہونے والے کثیر زرمبادلہ کی بچت ممکن ہوگی۔