صنعتی ترقی اور ویلیو ایڈیشن کیلئے ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کی غرض سے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ شارٹ کورسز اور اہم نجی اداروں کی سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری پر عملی تربیت کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا،چیئر مین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی

منگل 11 دسمبر 2018 17:55

فیصل آباد۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) ورلڈ بینک اور ٹیوٹا کے تعاون سے پاکستان کی صنعتی ترقی اور ویلیو ایڈیشن کیلئے ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کی غرض سے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ شارٹ کورسز اور اہم نجی اداروں کی سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری پر عملی تربیت کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پاکستان کی صنعتی ترقی اور ویلیو ایڈیشن کیلئے ہنر مند افرادی قوت ناگزیر ہے اور اس سلسلہ میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ورلڈ بینک کے تعاون سے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سمن آباد میں 6ماہ دورانیہ کے شارٹ کورس کامیابی سے کرائے جا رہے ہیں جبکہ ان طلبہ کو نجی اداروں کی جدید ترین مشینری پر عملی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔

یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق نائب صدر اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین انجینئر احمد حسن نے سی این سی پروگرام کے تحت کورس کی تکمیل پر طلبہ میں وظائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہنر مند افرادی قوت سے نہ صرف ہماری پیداواری استعداد بڑھ سکتی ہے بلکہ مصنوعات کے معیار میں بہتر ی سے ان کی برآمدات کا سلسلہ بھی شروع کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چناب انجینئرنگ نے مفاہمتی یاد داشت کی روشنی میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم طلبہ کو عملی تربیت دینے کیلئے خصوصی تعاون کیا تاکہ یہ طلبہ فوری طور پر مشینوں پر کام کر سکیں اور اس سلسلہ میں انہیں آزادانہ طور پر کام کرنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تکنیکی اداروں میں مختصر المدت کے ایسے پروگراموں کو ترجیح دینی چاہیے جن کی مارکیٹ میں طلب ہو۔

مزید برآں فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کیلئے ملازمتوں کا حصول بھی آسان ہو جائے گا۔ انجینئر احمد حسن نے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی وجہ سے پاکستان میں ترقی کا نیاد ور شروع ہونے والا ہے جس کیلئے ہمیں اپنی افرادی قوت کو اس طرح تیار کرنا ہو گا کہ وہ روایتی مشینوں کے ساتھ ساتھ نئی اور جدید مشینوں پر بھی یکساں طور پر کام کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ان کے نصاب کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے علاوہ ان کی جدید مشینوں پر عملی تربیت بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں کئی بین الاقوامی ادارے اپنے یونٹ لگا رہے ہیں جن میں کئی آٹو موبائیل پلانٹ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان صنعتوں کے تقریبا ً ہر یونٹ کیلئے ایسے ہنر مند افراد کی ضرورت ہو گی جو بین الاقوامی معیار کے صنعتی یونٹوں میں کام کرنے اور مطلوبہ نتائج دینے کی اہلیت بھی رکھتے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تکنیکی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ ان میں نظم و ضبط وقت کی پابندی اور سینئر ،جونیئر کے احترام جیسی اخلاقی اقدار کو بھی پروان چڑھانا ہو گا۔ انہوں نے چناب انجینئرنگ سے تربیت مکمل کرنے والے طلبہ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہوں نے ان طلبہ کو ہر طرح سے بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرنے پر بھی توجہ دی ہے جبکہ اس سلسلہ میں ٹیوٹا اور گورنمنٹ کالج اینڈ ٹیکنالوجی کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔

اس موقع پر کالج کے پرنسپل سید افتخار حسین شاہ نے کالج کی طرف سے مہیا کی جانے والی سہولتوں کا ذکر کیا اور بتایا کہ تکنیکی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تربیت دے کر ہی ہم نئے دور کیلئے بہترین افرادی قوت مہیا کر سکتے ہیں۔ بعد میں انجینئر احمد حسن نے چھ ماہ کے اس کورس کو مکمل کرنے والے پچیس طلبہ میں وظائف بھی تقسیم کئے۔