اسلام آباد کی حدود میں قائم کردہ صنعتیںانوائرمنٹ منیجمنٹ پلان کی منظوری حاصل کریں،

مقامی صنعتوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون، تکنیکی معاملات میں مدد فراہم کرنے کو تیارہیں پاکستان انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل فرزانہ الطاف شاہ کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2018 17:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) پاکستان انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل فرزانہ الطاف شاہ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے سد باب اور ماحول دوست پیداواری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اسلام آباد کی حدود میں قائم کردہ صنعتیںانوائرمنٹ منیجمنٹ پلان کی منظوری حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر تاجر براری کو انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایکٹ 2017کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صنعتیں جنہوں نے انوائرمنٹ منیجنٹ پلان کی منظوری نہیں لی وہ پلان تیار کرکے جلد از جلد منظوری حاصل کریں تاکہ ماحول دوست صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیاجاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اس وقت کوئی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ موجود نہیں ہے جس سے صنعتوں کا پانی ضائع جا رہا ہے اورآنے والی نسلوں کو مشکلات کا سامنا ہو گا لہذاانہوںنے اس بات پر زور دیا کہ مقامی صنعتیں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی کوشش کریں تا کہ پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتیں ٹھوس ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ لگانے کی بھی کوشش کریں تاکہ ماحول کو اس کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ ان کا ادارہ ماحول دوستانہ پیداواری سرگرمیوں کے فروغ دینے کیلئے مقامی صنعتوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور تکنیکی معاملات میں مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا صنعتی شعبے کیلئے ضروری ہے کیونکہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کر کے ہی وہ پائیدار ترقی حاصل کر سکتی ہیں اور چین کے ہم منصبوں کے ساتھ بہتر مقابلہ کر سکتی ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے آلودگی پر قابو پانے کی مقامی سٹیل انڈسٹری کی کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ دیگر صنعتوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری مقامی صنعتوں کے تعاون سے اسلام آباد میں پہلا گرین انڈسٹریل زون قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے تا کہ اس کو رول ماڈل بنا کر ملک کے دیگر صنعتوں علاقوں میں اپنایا جا سکے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے مقامی سٹیل انڈسٹری کی پیداواری سرگرمیوں کو ماحول دوستانہ بنانے کیلئے ضروری تعاون فراہم کرنے پر فرزانہ الطاف شاہ اور ان کے ادارے کے تعاون کو سراہا ۔ انہوںنے کہا کہ پیداواری سرگرمیوں کو ماحول دوستانہ بنانا صنعتوں کے اپنے مفاد میں ہے لہذا انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی دیگر صنعتوں کے ساتھ بھی تعاون کرے تا کہ وہ مرحلہ وار انداز میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر اپنی سرگرمیوں کو ماحول دوستانہ بنا سکیں۔

انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ای پی اے کے ساتھ مل کر صنعتی شعبے کی پیداواری سرگرمیوں کو آلودگی سے پاک بنانے کیلئے کوشش کرے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے صنعتی شعبے کی پیداواری سرگرمیوں کو ماحول دوستانہ بنانے کیلئے ایک مثبت اپروچ اپنانے پر ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی محترمہ فرزانہ الطاف شاہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹیمیں تشکیل دے کر مقامی صنعتوں کی پیداواری سرگرمیوں کو ماحول دوستانہ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

میاں اکرم فرید، طارق صادق، عثمان خالد اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مقامی صنعتوں کو کچھ وقت دیا جائے تا کہ وہ بتدریج جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا کر اپنی پیداواری سرگرمیوں کو آلودگی سے پاک بنانے کی کوشش کر سکیں۔