ملک کو پٹرولیم کے مقامی ذخائر کی پائیدار ترقی و سپلائی کی ضرورت ہے،

موجودہ حکومت ملک کے درآمدی بل پر قابو پانے کیلئے مزید پٹرولیم بلاکس متعارف کرائے گی وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کا تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کو پائیدار بنانے کے حوالہ سے چیلنجز اور حکمت عملیوں بارے سالانہ ٹیکنیکل کانفرنس سے خطاب

منگل 11 دسمبر 2018 18:07

ملک کو پٹرولیم کے مقامی ذخائر کی پائیدار ترقی و سپلائی کی ضرورت ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم غلام سرور خان نے تیل و گیس کے مقامی ذخائر کی تلاش اور پیداوار کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کے درآمدی بل پر قابو پانے کیلئے مزید بلاکس متعارف کرائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کو پائیدار بنانے کے حوالہ سے چیلنجز اور حکمت عملیوں کے بارے میں منعقدہ سالانہ ٹیکنیکل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس کا اہتمام پاکستان ایسوسی ایشن آف پٹرولیم جیو سائنٹسٹس اینڈ سوسائٹی آف پٹرولیم انجینئرز پاکستان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو پٹرولیم کے مقامی ذخائر کی پائیدار ترقی و سپلائی کی ضرورت ہے تاکہ بھاری درآمدی بل پر قابو پایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی سطح پر تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے اور درآمدی بل میں کمی لانے کے سلسلہ میں مزید پٹرولیم بلاکس کو متعارف کرانے کی کوششوں میں ہے۔

انہوں نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کو درپیش توانائی کے مسائل کے تناظر میں درست اقدام ہے جس سے اس شعبہ کی بہتری کی تجاویز سامنے آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ تیل و گیس کی تلاش کے سلسلہ میں بلاکس کے حصول میں کمپنیوں کی شرکت حوصلہ افزاء ہے، یہ سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مستقبل میںایکسپلوریشن کے لائسنسوں میں دلچسپی کی عکاس ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری پٹرولیم میاں اسد حیاء الدین نے کہا کہ کانفرنس میں ماہرین کی شرکت سے ملک میں پٹرولیم کے ذخائر کی دریافت اور پیداوار بڑھانے کے حوالہ سے حکمت عملیوں اور جدید طریقوں کے بارے میں آگاہی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قدرتی وسائل کی تلاش و ترقی کیلئے اعلیٰ سطح کے عزم، ٹیکنالوجی اور مالیاتی وسائل کی ضرورت ہے، اس سلسلہ میں تمام شراکت داروں کو مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔ اس موقع پر چیئرمین پی اے پی جی اینڈ ٹیکنیکل کمیٹی ڈاکٹر ندیم احمد نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں تیل و گیس کے شعبہ سے وابستہ 40 سے زائد کمپنیوں کے نمائندوں اور اندرون و بیرون ملک سے 1500 مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔