جامعہ بنوریہ عالمیہ میںامریکی نوجوان جبرائیل نے اسلام قبول کرلیا

دنیا بھر کے مذاہب میں اسلام سے بڑھ کر انسانیت کی تعلیم کسی مذہب نے نہیں دی ہے، مفتی محمدنعیم

منگل 11 دسمبر 2018 18:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ میں جبرائیل زبالوس(Gabriel Ceballos) نامی امریکی نوجوان نے عیسائیت سے تائب ہوکررئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم کے ہاتھ پر اسلام قبول کرلیا۔گزشتہ روزامریکی ریاست ہوسٹن ٹیکساس کی21سالہ نوجوان جبرئیل زبالوس نے جامعہ بنوریہ سائٹ آکر قبول اسلام کی خواہش کا اظہار کیاجس پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں نومسلم کو رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کلمہ پڑھاکر جبرئیل ہی اسلامی نام تجویز کیا، حاضرین مجلس نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نعرہ تکبیر بلند کیا اور نومسلم پر گل پاشی کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور استقامت کیلئے خصوصی دعاء کی گئی ۔

اس موقع پر نومسلم کو بنیادی ارکان اسلام کے بارے میں رہنمائی کرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ اسلام میں جس طرح اللہ کی وحدانیت اور فرشتوں کا اقرار لازم ہے اسی طرح قرآن کو اللہ کا کلام اورحضور صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی تسلیم کرنے کا اقرار بھی لازم ہے، اللہ تعالیٰ نے عبادات کو اپنے قرب کا ذریعہ بنایا ہے ان کی ادائیگی میں جبر کی اجازت نہیں دی بلکہ ارشاد دین کی تعلیم دی ہے جتنا انسان عابد وزاہد ہوگا اتناہی اللہ کے قریب تر ہوگا،دنیا بھر کے مذاہب میں اسلام سے بڑھ کر انسانیت کی تعلیم کسی بھی مذہب نے نہیں دی ہے،یہ واحد مذہب ہے جس میں بگڑی اور بے چین روح کا علاج موجود ہے یہی وجہ ہے کہ پروپیگنڈوں کے باوجود مغرب میں اسلام تیزی سے پھیل رہاہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نومسلم کا کہناتھاکہ میں بہت خوش ہوں اسلام کے مطالعے سے مجھے پتا چلا کہ دنیا میں جو اخلاقیات اور اعمال کا درس اسلام نے دیا ہے وہ کسی بھی مذہب میں موجود نہیں ہے اس لیے میں پاکستان آیا کہ میں اسلام قبول کروں یہاں کے لوگوں کی محبتوں اور شفقتوں نے میرا دل جیتاہے، جب سے اسلام قبول کرنے کا اردہ کیا دل پرسکون ہوگیاہے ۔