حمزہ شہباز شریف نے پتلی گلی سے فرار ہونے کی کوشش کی‘فیاض الحسن چوہان

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کیونکہ پاکستان کے تمام ادارے اب بہت چوکس ہیں‘صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت

منگل 11 دسمبر 2018 19:41

حمزہ شہباز شریف نے پتلی گلی سے فرار ہونے کی کوشش کی‘فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کل تک ملک سے فرار نہ ہونے کی بڑھکیں لگانے والے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے پتلی گلی سے فرار ہونے کی کوشش کی مگر کامیاب نہیں ہوسکے کیونکہ انہیں یہ نہیں پتہ کہ آج کل پاکستان کے تمام ادارے بہت چوکس ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے اور خواجہ سعد رفیق اور انکے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی پیرا گون ہا ؤسنگ سکینڈل میں گرفتاری کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے قومی دولت کی لوٹ مار کرنے والے ایسے عناصر کو بھاگنے نہیں دیں گے جیسا کہ حمزہ شہباز کی دوبئی فرار کی کوششیں ناکام بنادی گئیں۔

(جاری ہے)

پیرا گون سکینڈل میں سعد رفیق اور انکے بھائی سلمان رفیق کی گرفتاری کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ تین دن پہلے دونوں بھائیوں کے فرنٹ مین قیصر امین وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں اور انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ پیرا گون کے کرتا دھرتا سعد رفیق اور انکے بھائی سلمان رفیق ہیں. فیاض الحسن چوہان نے مذید کہا کہ ہھماری عدالتیں اور ادارے اب کسی کرپٹ کو نہیں چھوڑیں گے۔ اداروں پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔آج حمزہ شہباز نے گیدڑ بننے کی زندہ مثال قائم کردی ہے۔