Live Updates

خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری انتقامی کارروائیوں کا تسلسل ہے ،مسلم لیگ (ن)سندھ

دور آمریت کی یاد تازہ ہوگئی ،خواجہ سعد رفیق کی آواز حکومتی ایوانوں میں بیٹھے لاڈلوں کو ناگوار گذررہی تھی ،شاہ محمد شاہ

منگل 11 دسمبر 2018 19:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی گرفتاری کو سیاسی انتقامی کارروائیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاریوں سے مسلم لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے ہیں ۔سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے سے دور آمریت کی یاد تازہ ہوگئی ہے ۔

نیب حکومت کی بی ٹیم کا کردار ادا کررہا ہے ۔عوام سوال کررہے ہیں کہ حکومتی شخصیات کے خلاف کارروائی کب کی جائے گی ۔منگل کو جاری اپنے بیان میں شاہ محمد شاہ نے کہا کہ ملک میں اس وقت اناڑیوں کی حکومت ہے جو احتسا ب کے نام پر مسلم لیگ (ن) کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے ۔

(جاری ہے)

قائد مسلم لیگ میاں نواز شریف ،مریم نواز شریف ،شہباز شریف ،کیپٹن صفدر کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے پابند سلاسل کیا گیا اور اب ریلوے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے والے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو گرفتار کرکے جمہوریت پسندوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ جو بھی عمران خان کی آمریت کے خلاف آواز بلند کرے گا جیل کی سلاخیں اس کا مقدر ٹھہریں گی ۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور کارکن اس طرح کے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔مشرف کے دور آمریت میں بھی قید کی صعوبتیں مسلم لیگی متوالوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں اوروہ ثابت قدمی کے ساتھ اپنے قائد کے ساتھ کھڑے رہے اور آج بھی اسی عزم اور حوصلے کے ساتھ اپنی قیادت کے وفادار ہیں ۔شاہ محمد شاہ نے کہا کہ نیب ایک خود مختار ادارہ ہے لیکن ا فسو س کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس نے خود کو حکومت کی بی ٹیم میں تبدیل کردیا ہے ۔

حکومتی اشاروں پر اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف انکوائریز کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جہانگیر ترین ،علیم خان ،علیمہ خان ،پرویز خٹک ،پرویز الہیٰ اور مونس الہی سمیت دیگر حکومتی شخصیات کے خلاف نیب نے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کی آواز حکومتی ایوانوں میں بیٹھے لاڈلوں کو ناگوار گذررہی تھی۔حکومت اتنا ہی ظلم کرے جتنا کل برداشت کرسکے ،خواجہ برادران جھوٹے مقدمات کا ثابت قدمی سے مقابلہ کریں گے اور سرخرو ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات