کراچی ، خواتین کو اسٹریٹ کرائم کا نشانہ بنانے والا ڈاکوئوں کا تین رکنی گروہ گرفتار

ملزمان کا گروہ چار رکنی تھا جو گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران 200 خواتین کو لوٹ چکا ہے،ایس ایس پی ایسٹ کی پریس کانفرنس

منگل 11 دسمبر 2018 19:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) کراچی میں صرف خواتین کو اسٹریٹ کرائم کا نشانہ بنانے والے ڈاکووں کے تین رکنی گروہ کو فیروز آباد پولیس نے مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا ، مقابلے میں ایک ملزم زخمی بھی ہوا۔ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے نے پریس کانفرنس کے دوران ملزمان کی گرفتاری اور وارداتوں کی تفصیلات میڈیا کو بتائیں۔

وارداتوں کا نشانہ بننے والی خواتین اور شہریوں کو بھی پریس کانفرنس میںبلوایا گیا تھا جنہیں ان سے چھینے گئے پرس، زیورات، نقد رقم اور پچیس قیمتی موبائل فون واپس کیے گئے۔غلام اظفر مہیسر کے مطابق ملزمان کی گرفتاری پی ای سی ایچ ایس بلاک 3 میں فیروز آباد پولیس سے مقابلے میں عمل میں آئی۔ایس ایچ او فیروزآباد اورنگزیب خٹک کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان کا ایک ساتھی زخمی بھی ہوا۔

(جاری ہے)

ایس پی جمشید کوارٹر شمائل ریاض نے میڈیا کو بتایا کہ ان ملزمان کا گروہ چار رکنی تھا جو گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران 200 خواتین کو لوٹ چکا ہے۔ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 70 سے زائد خواتین سے لوٹے گئے پرس، بیگز، نقد رقم اور زیورات برآمد ہوئے ہیں۔ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر پریس کانفرنس میں آنے والی خواتین اور شہریوں کو ان سے لوٹا گیا بیشتر سامان واپس کیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے ہاتھوں یہ شہری پی ای سی ایچ ایس، ٹیپوسلطان، نرسری، گلشن اقبال، بہادر آباد،کلفٹن اوردیگرعلاقوں میں وارداتوں کا نشانہ بنے۔ ملزمان کا ایک ساتھی ڈیڑھ ماہ قبل بہادر آباد میں پولیس مقابلے میں زخمی ہوکر گرفتار ہوچکا ہے جو اب جیل میں ہے۔ ملزمان اس سے قبل بھی ڈکیتی چوری اور قتل کے مقدمات میں گرفتار ہوچکے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان خواتین کو صرف اس لیے نشانہ بناتے تھے کہ ان سے مزاحمت کا خدشہ نہیں تھا۔ گرفتار ملزمان نے پوش علاقوں میں سو سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزمان کے قبضے سے خواتین کے چھینے ہوئے 60 قیمتی لیڈیز بیگ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ دونوں ملزموں سے چھینی ہوئی رقم 3 لاکھ 50 ہزار روپے بھی برآمد ہوئے ہیں جب کہ چھ مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس گینگ کو خواتین کو لوٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

گرفتار ملزمان کے چوتھے ساتھی کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے ۔ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر کے مطابق ملزمان جس رکشے میں وارداتیں کرتے تھے وہ بھی برآمد کر لیا گیا ۔ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ تفتیش کر رہے ہیں کہ ملزمان نے قیمتی زیورات اور چھینے ہوئے موبائل فونز کہاں فروخت کیے۔ ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ڈکیتی کا مال خریدنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔