سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کیلئے تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیں،

مشترکہ حریت قیادت ْاقوام متحدہ کی رپورٹ پر جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل میں بحث کرائی جائے، سید علی گیلانی

منگل 11 دسمبر 2018 20:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں مشترکہ حریت قیادت نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پرزوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کی آزادانہ اور جامع تحقیقات کیلئے ایک انکوائری کمیشن تشکیل دیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل حریت قیادت نے ایک مکتوب میں انتونیو گوتریس سے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کرنے کیلئے کہا جو 1948ء سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پرموجود ہے اور مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقو ق کی پامالیوں کی بڑی وجہ ہے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں اپنی رہائش گاہ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی 2018کی رپورٹ جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل میں پیش کرنے پر زوردیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ تنازعہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کے مستقبل سے متعلق ایک انسانی مسئلہ ہے ۔

تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی کی وجہ سے عالمی ادارے کی ساکھ دائوپر لگی ہوئی ہے۔ ادھر سرینگر میں ایک روزہ سیمینار کے مقررین نے کہاہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر کی پوری آبادی کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔ سیمینار کا اہتمام عوامی اتحاد پارٹی کے چیئرمین انجینئر عبدالرشید نے کیاتھا جس سے نائب مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام اور دیگر نے خطاب کیا۔

شمالی کشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے قصبے حاجن میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں دونوجوانوں کی شہادت پر مسلسل تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔بھارتی فوجیوں نے 14سالہ مدثر احمد پرے اور 17سالہ ثاقب بلال شیخ کو اتوار کو سرینگر کے علاقے مجہ گنڈ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیاتھا۔ دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ میں سوپور کے علاقے سعدپورہ میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کی۔

ضلع شوپیان میں ایک حملے میں بھارتی پولیس کے تین اہلکار ہلاک اورایک زخمی ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم حملہ آوروں نے ضلع کے علاقے زینہ پورہ میں پولیس کی ایک پارٹی پر حملہ کیا۔ ضلع پونچھ کے علاقے کرشنا گھاٹی میں بھارتی فوج کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا ہے۔ سرینگر میںکشمیر تحریک خواتین کی چیئرپرسن انجم زمرودہ حبیب کی تصنیف کردہ کتاب کی تقریب رونمائی ہوئی ۔

کتاب ’’نگاہ انجم ‘‘بنیادی طورپر زمرودہ حبیب کی آپ بیتی ہے جس میںکشمیری عوام کے مصائب کا بھی احاطہ کیاگیا ہے۔غیر قانونی طورپر نظربندآزادی پسند رہنما فاروق احمد ڈارکی والدہ سرینگر کے علاقے ستھراشاہی میں انتقال کرگئیں۔ان کی نماز جنازہ میں حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ فاروق احمد ڈار بھارت کے تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے قائم کئے گئے جھوٹے مقدمے کے سلسلے میں دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند ہیں۔