شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکی فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے زیرِ اہتمام اور انسدادِ بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ سکھر ڈویژن کے اشتراک سے انسدادِ بدعنوانی پر آگاہی واک اور سیمینار

منگل 11 دسمبر 2018 22:13

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکی فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے زیرِ اہتمام اور انسدادِ بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ سکھر ڈویژن کے اشتراک سے انسدادِ بدعنوانی پر ایک آگاہی واک اور سیمینار منعقد کیا گیا۔جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق واک کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ اور انسدادِ بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ سکھر ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر میر نادر علی ابڑو نے کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ رشوت ایک سماجی برائی اور ناسور ہے ۔ ہم سب کو رشوت اور بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رشوت سے پاک معاشرہ ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے ۔ رشوت کے خاتمے کیلئے ہمیں معاشرے میں شعور بیدار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انسدادِ بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر میر نادر علی ابڑو نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ ہماری قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

بدعنوانی اور نااہلی نے میرٹ کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بدعنوانی کا مکمل خاتمہ ہو لیکن اس کیلئے معاشرے کے افراد کا تعاون ضروری ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سید نور شاہ بخاری ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز نے کہا کہ بدعنوانی نے ہماری تعلیم، صحت، انصاف، جمہوریت اور ترقی کو ناقابل ِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی جانب سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اقدامات کیئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں بدعنوانی ختم کرنے میں وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کا کردار کلیدی ہے۔ واک اور سیمینار میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی، پروفیسر ڈاکٹر غلام علی ملاح، پروفیسر ڈاکٹر مینہوں خان لغاری، پروفیسر سرفراز علی کوریجو، پروفیسر ساجد میرانی، پروفیسر عشرت علی میرانی کے علاوہ اساتذہ، محققین اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔