اسپتال کا بل ادا کرو ورنہ بیٹی کی میت نہیں دیں گے

نجی اسپتال نے 75 ہزار کا بل ادا نہ کرنے والے غریب باپ کو بیٹی کی میت دینے سے انکار کردیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 11 دسمبر 2018 20:33

اسپتال کا بل ادا کرو ورنہ بیٹی کی میت نہیں دیں گے
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-11 دسمبر 2018) :نجی اسپتال نے 75 ہزار کا بل ادا نہ کرنے والے باپ کو بیٹی کی میت دینے سے انکار کردیا۔باپ روتا پیٹتا ینگ ڈاکٹر کی پریس کانفرنس میں پہنچ کر دہائیاں دیتا رہا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کا غریب شہری اپنی بیٹی کو علاج کی غرض سے نجی اسپتال لے کر پہنچا۔اس دوران اسپتال انتظامیہ نے لڑکی کا علاج معالجہ جاری رکھا اور لڑکی کا والد اپنی بیٹی کی زندگی اور صحت یابی کے لیے نجی اسپتال کے ناز و نخرے اٹھاتارہا تاہم غریب باپ کی بدقسمتی یہ ہوئی کہ اس کے کے ہزار جتن بھی اس کی بیٹی کو بچا نہ سکے۔

اس کی ساری جمع پونجی بیٹی کے علاج معالجے پر خرچ ہو گئی لیکن بیٹی کی میت پھر بھی باپ کے سامنے پڑی تھی اور وہ غریب حسرت بھری نگاہ سے اپنی دنیا کو اجڑتے دیکھتا رہا۔

(جاری ہے)

تاہم جب میت اسپتال لے جانے کا مرحلہ درپیش آیا تو اسپتال انتظامیہ اس شخص سے اسپتال کا بل ادا کرنے کو کہنے لگی۔اسپتال انتظامیہ نے بل ادا کئیے بغیر بیٹی کی میت دینے سے انکار کر دیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس شخص کے ذمے 75 ہزار کے واجبات ادا کرنے والے ہیں ۔پہلے بل ادا کرے گا تو اسے بیٹی کی میت دی جائے گی۔بل کی کلئیرنس کے بغیر میت اہل خانہ کے حوالے نہیں کیا جائے گی۔اس شخص کا کہنا تھا کہ میرے پاس جو کچھ موجود تھا میں سب اپنی بیٹی کے علاج معالجے پر خرچ کر چکا ہوں اب میرے پاس کچھ بھی دینے کو نہیں۔اسپتال انتظامیہ نے میت دینے سے صاف انکار کر دیا۔باپ روتا پیٹتا ینگ ڈاکٹرز کی پریس کانفرنس میں پہنچ گیا اور دہائیاں دینے لگا۔