زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے مابین باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط

منگل 11 دسمبر 2018 22:37

فیصل آباد۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے مابین باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط ہوئے ہیں، معاہدے کی دستاویزات کے مطابق دونوں ادارے ٹیکنیکل سٹاف کی تربیت کے ساتھ ساتھ تمباکو کی کاشت و برداشت کے حوالے سے نئی ٹیکنالوجی کو کسان کی دہلیز تک پہنچانے سے پہلے اور بعد میں سروے کے اعدادو شمار مرتب کرنے اور تمباکوسے وابستہ کسانوں کے فارمز پر نئی ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ کرنے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ کسانوں کیلئے تربیتی مینوئل کی تیاری میں بھی ایک دوسرے کی مہارت استعمال کی جائیگی، تمباکو کی بہترپیداوارکیلئے تحقیقات کے ساتھ ساتھ بیج کی بڑھوتری و ذخیرہ کاری اور بعداز برداشت مینجمنٹ میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی ماہرانہ معاونت کریگی، علاوہ ازیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں سیڈ فزیالوجی لیب کے ماہرین تمباکو بیج کی ہائی ٹیک سہولیات بھی پاکستان ٹوبیکو کمپنی کو فراہم کریں گے جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ فنڈ اور دوسرے اداروں سے فنڈنگ کیلئے بھی دونوں ادارے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائیں گے، معاہدے کے مطابق پاکستان ٹوبیکو کمپنی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبہ کیلئے انٹرشپ سہولیات بھی فراہم کریگی، معاہدے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا اور پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے بزنس ڈویلپمنٹ منیجر جاوید خان نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر بیرونی روابط ڈاکٹر رشید احمد، انچارج یونیورسٹی بکس و میگزینز ڈاکٹر شہزاد مقصود بسرا، ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر عرفان افضل اور ڈاکٹر خرم ضیاء کی موجودگی میں دستخط کئے۔