آئی پی ایل کھلاڑیوں کی نیلامی کیلئے 346 کھلاڑی شارٹ لسٹ،

مالنگا، میتھیوز اور میک کولم سمیت 9 کھلاڑیوں کی بنیادی قیمت 2 کروڑ روپے مقرر

منگل 11 دسمبر 2018 23:03

آئی پی ایل کھلاڑیوں کی نیلامی کیلئے 346 کھلاڑی شارٹ لسٹ،
ممبئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) آئندہ برس شیڈول انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بارہویں ایڈیشن کے سلسلے میں کھلاڑیوں کی نیلامی کیلئے 346 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے، سری لنکن کرکٹرز لاستھ مالنگا، اینجلو میتھیوز اور سابق کیوی بلے باز برینڈن میک کولم سمیت 9 کھلاڑیوں کیلئے بنیادی قیمت 2 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، کھلاڑیوں کی نیلامی 18 دسمبر کو جے پور میں ہو گی۔

منگل کو بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آئی پی ایل کھلاڑیوں کی نیلامی کیلئے مجموعی طور پر 346 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جن میں 226 بھارتی کھلاڑی شامل ہیں، جنوبی افریقہ کے 26، آسٹریلیا کے 23، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے 18، 18 نیوزی لینڈ کے 13، افغانستان کے 8، سری لنکا کے 7، بنگلہ دیش اور زمبابوے کے 2، 2 امریکہ، آئرلینڈ اور ہالینڈ کے ایک، ایک کھلاڑی کی بولی لگے گی۔

(جاری ہے)

مالنگا، میتھیوز، برینڈن میک کولم، کولن انگرام، شان مارش، کورے اینڈرسن، ثام کیورن، کرس ووکس اور ڈی آرسی شارٹ مہنگے ترین کھلاڑی ہیں جن کیلئے بنیادی قیمت 2 کروڑ روپے رکھی گئی ہے، جیدیو اوندکت بھارت کے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں جن کی بنیادی قیمت 1.5 کروڑ روپے ہو گی، بنگلہ دیش کے مشفق الرحیم اور محموداللہ کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے البتہ حیران کن طور پر تمیم اقبال جگہ نہ بنا سکے۔