Live Updates

صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور اعجاز عالم کا کرسمس کے حوالے سے مختلف اضلاع کا دورہ

تحریک انصاف کی حکومت تمام اقلیتوں کو ہر شعبے میں یکساں نمائندگی پر یقین رکھتی ہے : اعجاز عالم

منگل 11 دسمبر 2018 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل اعجازعالم کاصوبہ بھر میں کرسمس کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے مختلف اضلاع کا دورہ جاری ہے ۔ موڈریٹر بشپ آف پاکستان /ریورنڈ بشپ عارف خرم کی خصوصی دعوت پر گزشتہ روز للیانی چرچ ،قصورپہنچے اور کرسمس کا کیک کاٹا۔ریورنڈ بشپ عارٖف خرم نے ریاض خرم کے ہمراہ صوبائی وزیر کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور ملکی سا لمیت کیلئے خصوصی دعاء کا اہتمام بھی کیا۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ کرسمس امن،محبت،ہم آہنگی اور امید کا پیغام دیتا ہے اور یسوع مسیح کی تعلیمات امن کا درس دیتی ہیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سرگودھا پہنچے جدھر انہوں نے مسیحی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے کرسمس پر غریب افراد کی خوشیوں میں اضافہ کیلئے 03کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ تقسیم کرنیکا اعلان کیا ہے جبکہ تمام مسیحی سرکاری ملازمین کو کرسمس سے قبل تنخواہیں بھی جاری کردیجائیں گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور نے پنجاب حکومت کی جانب سے انسانی حقوق اور مذہبی اقلیتوں کے لئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں قائم انسانی حقوق کے دفتر کے ذریعے صوبہ بھر کے افراد کے انسانی حقوق پر خاطر خواہ کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے لئے تمام سرکاری ملازمتوں میں 5فیصد کوٹہ جبکہ مستحق لوگوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بچوں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے قانون سازی کی جارہی ہے اور کسی بھی قسم کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو روکنے کے لئے مقامی کمیٹیوں کے تعاون کے ساتھ ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے ۔صوبائی وزیر اعجاز عالم نے تمام شرکاء کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بچوں اور خواتین کے تحفظ کیلئے موزوں قانون سازی کے ذریعے آگے بڑھے گی اور سابقہ دور میں کیجانیوالی قانون سازی پر بھی عملدرآمد یقینی بنائے گی۔مسیحی کنونشن میں ڈپٹی کمشنر سلوت سعید،سابقہ ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز،پی ٹی آئی رہنما چوہدری محمد اقبال اور پاسٹر الیاس نے بھی شرکت کی۔کنونشن کے اختتام پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات