سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے محکمہ بلدیات سے گزشتہ10برسوں کی تفصیلات طلب کر لیں

بتایا جائے کہ سیاسی مقاصد کیلئے کتنے فنڈز استعمال ہوئے،بلدیات کی رقم کہا ں کہاں خرچ ہوئی زبانی احکامات پر شروع ہونے والے منصوبوں کی رپورٹ بھی دی جائے :سینئر وزیر کی ہدایت

منگل 11 دسمبر 2018 23:25

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے محکمہ بلدیات سے گزشتہ10برسوں کی تفصیلات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے محکمہ بلدیات سے گزشتہ10برسوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہونے والے فنڈز کے اعداد و شمار بتائے جائیں اور واضح کیا جائے کہ مختلف برسوں میں بلدیات کے محکمے کیلئے مختص رقم کو کہاں کہاں خرچ کیا گیا عبدالعلیم خان نے سیکرٹری بلدیات پنجاب سے کہا ہے کہ صوبے بھر سے اُن منصوبوں کی بھی تفصیلات سامنے لائی جائیں جنہیں قواعدو ضوابط سے ہٹ کر زبانی احکامات سے شروع کیا گیا اور دیگر میگا منصوبوں کی طرح اُن کے نہ تو ٹینڈر ہوئے اور نہ ہی مروجہ اصولوں کو مد نظر رکھا گیا ،انہوں نے کہا کہ کئی ایک ایسی شکایات سامنے آئی ہیں کہ بلدیات کی مشینری کو رائیونڈ اور ماڈل ٹاؤن سے جاری ہدایات کے تحت استعمال میں لایا گیا ہے اس کی محکمانہ تحقیقات کے بعد تصدیق کی جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے ،سینئر وزیر نے گزشتہ10برسوں میں بلدیات کے محکمے میں ہونے والے تمام بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے جس میں سفارشوںاور سیاسی پشت پناہی کے ذریعے ہونے والی افسران و اہلکاران کی تقرریاں اور تبادلے بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت بلدیاتی اداروں کو سیاسی دباؤ سے آزاد کرنا چاہتی ہے اور وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق موثر ترین بلدیاتی نظام متعارف کرانے کیلئے سرگرمیاں آخری مراحل میں ہیں ،انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسوں سے کام کرنے والے کسی ادارے میں بد عنوانی برداشت نہیں کرینگے ،گزشتہ دہائی میں پنجاب کی اندھیر نگری کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے اور اس کا آغاز محکمہ بلدیات سے کیا جا رہا ہے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ بظاہر بلدیاتی سسٹم کو مفلوج رکھ کر سابقہ حکمرانوں نے محکمہ بلدیات کی ایک ایک پائی اپنے قبضے میں رکھی اور ان فنڈز میں بڑے پیمانے پر خرد برد کی بھی اطلاعات ہیں ،سینئر وزیر پنجاب نے یقین دلایا کہ وہ خود اس امر کی نگرانی کریں گے اور ہر ایک بلدیاتی ادارے کو سخت ترین مانیٹرنگ سے گزرنا ہوگا ،اسی طرح مستقبل کیلئے ایسا نظام وضع کیا جائے گا جس میں فنڈز کے غلط استعمال کو روکا جا سکے اور بلدیاتی ادارے مقامی سطح پر شہریوں کو اُن خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں جن کیلئے اُن کی تشکیل عمل میں لائی جاتی ہے ، عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ بلدیات کے شعبے میں تفصیلی چھان بین کر کے جلد از جلد تفصیلات سامنے لائی جائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔