لاہور تا کراچی موٹروے کے پہلے حصے کی تعمیر مکمل ہوگئی

لاہور تا عبدالحکیم موٹروے سیکشن کو تکمیل کے بعد 15 جنوری سے عام ٹریفک کیلئے کھولنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی منگل 11 دسمبر 2018 21:55

لاہور تا کراچی موٹروے کے پہلے حصے کی تعمیر مکمل ہوگئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 دسمبر2018ء) لاہور تا کراچی موٹروے کے پہلے حصے کی تعمیر مکمل ہوگئی، لاہور تا عبدالحکیم موٹروے سیکشن کو تکمیل کے بعد 15 جنوری سے عام ٹریفک کیلئے کھولنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پاک چین راہداری منصوبے کے تحت ملک میں موٹرویز کی توسیع کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں موٹروے کے مختلف سیکشنز کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔

پاک چین راہداری منصوبے کے تحت سب سے اہم ترین شاہراہ لاہور کراچی موٹروے کے پہلے سیکشن کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔ لاہور کراچی موٹروے منصوبے کے تحت لاہور سے عبدالحکیم تک موٹروے کے سیکشن کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔ رواں برس عام انتخابات سے قبل اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے لاہور عبدالحکیم موٹروے کا افتتاح کر دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں معلوم ہوا تھا کہ اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لاہور عبدالحکیم موٹروے کا تعمیر مکمل ہونے سے قبل ہی افتتاح کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

اسی باعث موٹروے افتتاح کے چند روز بعد ہی بند کر دی گئی تھی۔ تاہم اب نیشنل ہائے وے اتھارٹی نے لاہور تا کراچی موٹروے کے سلسلے میں لاہور تا عبدالحکیم موٹروے کے سیکشن کی تعمیر مکمل ہو جانے کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل ہائے وے اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ تعمیر مکمل ہو جانے کے بعد اب لاہور تک عبدالحکیم موٹروے کو 15 جنوری کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ لاہور تا عبدالحکیم موٹروے 200 کلومیٹر سے زائد طویل ہے۔ لاہور تا عبدالحکیم موٹروے کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اب لاہور سے ملتان تک کے سفر میں کئی گھنٹے کی کمی آئے گی۔