کراچی، تجاوزات کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری، سامان ضبط، متعدد تجاوزات مسمار

منگل 11 دسمبر 2018 23:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) میئر کراچی کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں سامان ضبط کرلیا گیا اور تجاوزات مسمار کردی گئیں۔کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل، ویسٹ اور کورنگی میں بھاری مشینری سے تجاوزات مسمار کی گئیں، پاک کالونی میں فٹ پاتھ بنی 35 دکانوں کو مسمار کردیا گیا۔

پاک کالونی میں قبضہ مافیا نے جگہ گھیر کر مکینک، ٹائر اور بیٹری کی دکانیں قائم کررکھی تھیں، بانڈری وال ڈال کر قبضہ کی جانے والی جگہ کو بھی واگزار کرالیا گیا، پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔ادھر غریب آباد بلوچ ہوٹل کے قریب بھی انسداد تجاوزات سیل نے کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات مسمار کردی گئی، مشینری کے ذریعے بچت بازار کے لیے لگائے ٹینٹ کو ہٹادیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ کورنگی، ملیر، سعود آباد میں بھی کارروائی کی گئی، اضافی چبوترے، چھجے اور فٹ پاتھ پر بنی دیواروں کو مسمار کردیا گیا، انتظامیہ کی جانب سے علاقہ مکینوں کو تنبیہ بھی کی گئی۔انسداد تجاوزات سیل نے علاقہ مکینوں کو باور کرایا کہ دوبارہ جگہ گھیری یا تجاوزات لگائیں تو سخت کارروائی کے ساتھ گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔دوسری جانب کراچی سرکلر ریلوے پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے، کمشنر کراچی افتخار شلوانی کے مطابق ریلوے کی 580 ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے جسے واگزار کرانا ہے۔خیال رہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کا ٹریک 20 سے زائد اسٹیشنز پر مشتمل اور 43 کلو میٹر طویل ہے، جس کے اطراف 5 ہزار سے زائد مکانات تعمیر ہیں۔