حکومت شہریوں کو خالص خوراک کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے ،ڈپٹی کمشنر ملتان

بدھ 12 دسمبر 2018 00:20

ْ ملتان۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ وطن عزیر میں بسنے والے شہریوں کی بڑی تعداد محدود وسائل کے باعث غذائی قلت کا شکار ہے ، حکومت پنجاب معاشرے کے ہرطبقے تک خالص اور قدرتی خوراک فراہم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے تاکہ صحت مند معاشرہ پروان چڑھ سکے ،انہوں نے کہا کہ خالص اور قدرتی غذا لوگوں کے مزاج اور صلاحیتوں میں مثبت اضافہ کا باعث بنتی ہے، حکومت کے پہلے 100دنوں کے ایجنڈے میں ماں اور بچے کی صحت اور غذائی کمی کے شکار بچوں کے علاج معالجہ کا پروگرام ترجیحی بنیادوں پر شامل تھا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی ہوٹل میں محکمہ پلاننگ اینڈ فنانس اور یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام غذا کی قلت کے حوالے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،سیمینار میں محکمہ پلاننگ کے افسران ڈاکٹر عرفان ،ڈاکٹر محمد شفیق ،اختر حسین شاکر ،سید قیصر اور سید حسنین رضا سمیت مختلف مکاتب فکر کے نمائندوں نے شرکت کی ،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جن میں غذائی کمی کی وجہ سے بچوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے ،پینے کے صاف پانی ،صفا ئی ستھرائی ،متوازن خوراک کی عدم فراہمی معاشرے میں بیماریوں کی بڑی وجہ ہے ،غذائی کمی کے حوالے سے مسائل حل کرنے کیلئے قومی سطح پر ترقیاتی ایجنڈا کے ویژن 2025ء میں شامل کیا گیا ہے ،بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سیمینار کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹ اور شیلڈز بھی تقسیم کیں۔