استعمال میں نہ لائی جانے والی سرکاری عمارتوں اور زمینوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ڈویلپ کیا جائے گا، کسی فرد کو بھی بے گھر نہیں کیا جائے گا، سیکٹر ایف 6 میں 120 ایکڑ زمین پر 704 اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے

وزیر دفاع پرویز خٹک کا سرکاری عمارتوں اور زمینوں کے متبادل استعمال پر ورکنگ گروپ کے اجلاس سے خطاب

بدھ 12 دسمبر 2018 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ استعمال میں نہ لائی جانے والی سرکاری عمارتوں اور زمینوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ڈویلپ کیا جائے گا، کسی فرد کو بھی بے گھر نہیں کیا جائے گا، سیکٹر ایف سکس میں 120 ایکڑ زمین پر 704 اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔ منگل کو وزیر دفاع پرویز خٹک کی صدارت میں سرکاری عمارتوں اور زمینوں کے متبادل استعمال پر ورکنگ گروپ کا اجلاس وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس میں منعقد ہوا۔

اجلاس کو مختلف سرکاری عمارتوں، زمینوں کے محل وقوع، موجودہ حالت اور ان کے متبادل استعمال پر بریف کیا گیا۔ اجلاس نے بڑے شہروں میں بہت سی سرکاری عمارتوں اور زمینوں کی نشاندہی کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے ہدایت کی کہ سروے کا انعقاد کیا جائے اور مختلف پائلٹ پراجیکٹس کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری عمارتوں کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ استعمال میں لائی جانے والی سرکاری جائیدادوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ڈویلپ کیا جائے گا۔ وزیر دفاع نے ہدایت کی کہ صوبے استعمال میں نہ لائی جانے والی سرکاری جائیدادوں اور زمینوں کی نشاندہی کریں اور ان کی موجودہ صورتحال اور ان کے استعمال میں لانے کیلئے پلان سے بھی آگاہ کریں۔ وزیر دفاع کو بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف سکس میں 120 ایکڑ زمین پر 704 اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔

ایف ڈبلیو او نے ایک لاکھ مقامی طور پر تیار ہونے والے گھروں کی تجویز دی۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ ورکنگ گروپ نے وفاقی حکومت کی 229 جائیدادوں کی نشاندہی کی جس کے ساتھ 47 ہزار 230 کنال کی جگہ بھی ہے جس کو استعمال میں لا کر آمدن حاصل کی جا سکتی ہے اور اس پر وزیراعظم کے 50 لاکھ گھروں کے منصوبہ کے مکانات بھی تعمیر کئے جا سکتے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ سرکاری جائیداد پر کسی کی بھی کوئی لیز تسلیم نہیں کی جائے گی۔

وزیر دفاع جو کہ ورکنگ گروپ کے چیئرمین بھی ہیں، ایک ہفتہ میں وزیراعظم کو استعمال میں نہ لائی جانے والی سرکاری جائیدادوں کے بارے میں بریف کریں گے۔ وزیر دفاع نے ہدایت کی کہ پی ٹی ڈی سی کی زمینوں کو تجاوزات سے محفوظ کیا جائے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ کسی فرد کو بھی بے گھر نہیں کیا جائے گا اور جو غریب لوگ سرکاری زمینوں پر رہ رہے ہیں ان کو عام جگہوں پر گھر دیئے جائیں گے۔