صنم بلوچ کا عامر لیاقت حسین کی پہلی بیوی سے متعلق بیان

ٹویٹر صارفین آگ بگولہ ، صنم بلوچ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 دسمبر 2018 11:39

صنم بلوچ کا عامر لیاقت حسین کی پہلی بیوی سے متعلق بیان
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 دسمبر 2018ء) : مارننگ شو کی میزبان اور اداکارہ صنم بلوچ نے حال ہی میں اپنے پروگرام میں معروف مذہبی اسکالر اور پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کو ان کی دوسری اہلیہ کے ساتھ اپنے مارننگ شو میں مدعو کیا جہاں ان سے ان کی شادی اور اس شادی پر ہونے والے تبصروں سے متعلق گفتگو کی ۔ اسی پروگرام کے دوران صنم بلوچ نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی پہلی اہلیہ کا بھی ذکر کیا اور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے سوال کیا کہ آپ کی پہلی بیوی نے طوبیٰ سید سے آپ کی دوسری شادی کو تاحال تسلیم کیوں نہیں کیا؟ صنم بلوچ نے کہا کہ آپ اسلامی اسکالر ہیں اور آپ نے دین کی تعلیم حاصل کی ہے، آپ نے اپنے بچوں کی پرورش اور تربیت بھی ایسے ہی ماحول میں کی ہے،بشریٰ بھابھی(ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی پہلی اہلیہ) کو دیکھ کر بھی ایسا لگتا تھا کہ انہوں نے دین کی تعلیم حاصل کی ہوئی ہے،ایسا نہیں ہے کہ آپ نے دوسری شادی کر کے کوئی گناہ کیا ہے، لیکن پھر بھی ابھی تک بشریٰ بھابھی نے آپ کی دوسری شادی کو تسلیم کیوں نہیں کیا؟ جس پر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ آپ کے سوال میں ہی جواب چھُپا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

دین کی تعلیم حاصل کرنا اور صرف ڈگری کے لیے دین کو پڑھنا دو الگ الگ باتیں ہیں، پروگرام کے دوران صنم بلوچ نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی بیٹی کے ٹویٹر پیغامات کا تذکرہ بھی کیا۔ جس پر عامر لیاقت نے کہا کہ میں ایسی کئی باتیں بتا سکتا ہوں جس کی وجہ سے بچوں نے مجھے تکلیف پہنچائی ہے لیکن چونکہ وہ بچے ہیں اسی لیے میں ان کی باتوں کو نظر انداز کر دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کا ٹویٹر اکاؤنٹ ایسے ہی نہیں بن جاتا جس پر صنم بلوچ نے اثبات میں سر ہلاتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی بات سمجھ گئی ہوں۔ اس پروگرام کے بعد سوشل میڈیا پر صنم بلوچ اور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ صنم بلوچ نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی پہلی اہلیہ اور بچوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔

ایک خاتون صارف نے کہا کہ صنم بلوچ نے عامر لیاقت اور ان کی دوسری اہلیہ کو اپنے پروگرام میں مدعو کیا اور دوسری شادی تسلیم نہ کرنے پر عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ پر سوال اُٹھایا جو قابل مذمت ہے اور اس قسم کے پروگرام آن ائیر کرنے اور معاشرے میں ایک غلط تاثر پیدا کرنے سےٹی وی چینل کو بھی گریز کرنا چاہئیے۔
ایک اور صارف نے کہا کہ صنم بلوچ نے دوسری شادی کرنے پر عامر لیاقت کی تعریف کی جبکہ عامر لیاقت کے ساتھ مل کر ان کی پہلی اہلیہ اور بچوں پر سوالات اُٹھائے جو افسوسناک ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ صنم بلوچ کا عامر لیاقت حسین کی دوسری شادی پر بات کرنا اور عامر لیاقت کا اپنی پہلی اہلیہ کی تذلیل کرنا افسوسناک ہے۔ جبکہ انہوں نے ٹی آر پی کے لیے اس طرح کی باتیں کرنے پر پروگرام کے میزبانوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ عامر لیاقت کو آخر کار مارننگ شو میں بطور مہمان بُلانے کی ضرورت ہی کیا تھی ؟ کیا پروگرام کے میزبان کے پاس اس سے اچھے اور کوئی مہمان موجود نہیں تھے جنہیں پروگرام میں مدعو کیا جا سکتا۔

ایک صارف نے تو اپنا سارا نزلہ صنم بلوچ پر گرایا اور کہا کہ میرے دل میں صنم بلوچ کے لیے آج سے پہلے بہت عزت تھی، صنم بلوچ نے عامر لیاقت کو اپنے پروگرام میں آخر کار کیوں بلایا اور پھر ان کی تعریف بھی کی۔
ایک اور صارف نے کہا کہ عامر لیاقت اور ان کی دوسری اہلیہ کو پروگرام میں دعوت دینے تک تو ٹھیک ہے لیکن ان کی پہلی اہلیہ اور بچوں کا ہتک آمیز انداز میں تذکرہ کرنا افسوسناک ہے۔