دُبئی ایئرپورٹ پر ٹرانزٹ ویزہ پرآیا مطلوب پاکستانی اسمگلر گرفتار

ملزم کے بیگ سے 1.3 کلو گرام ہیروئن برآمد

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 دسمبر 2018 11:54

دُبئی ایئرپورٹ پر ٹرانزٹ ویزہ پرآیا مطلوب پاکستانی اسمگلر گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر2018ء ) دُبئی ایئر پورٹ پر اینٹی نارکوٹکس افسران نے ایک کارروائی کے دوران ٹرانزٹ ویزہ پر مختصر قیام کی غرض سے ٹھہرے پاکستانی سمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ ملزم کو 22ستمبر 2018ء کو دُبئی ایئرپورٹ پر مختصر قیام کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ملزم اماراتی پولیس کو پہلے بھی منشیات کی سمگلنگ کے معاملے میں مطلوب تھا۔

اس سے پہلے بھی ایک بار وہ امارات اپنے ساتھی کے ساتھ آیا تھا، تاہم اُس کے ساتھی کے پیٹ میں موجود ہیروئن کے کیپسولز پھٹ جانے کے باعث اُس کی موت واقع ہو گئی تھی۔ جبکہ ملزم کسی طرح امارات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ ملزم کو دُبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر 3پر تعینات محکمۂ انسداد منشیات کے اہلکاروں نے اُس وقت گرفتار کیا جب اُنہیں شک گزرا کہ ملزم کے پاس موجود بیگ میں مشکوک سامان موجود ہے۔

(جاری ہے)

ملزم نے بیگ کی تلاشی دینے سے انکار کیا، جس پر اہلکاروں کا شک یقین میں بدل گیا۔ تلاشی لینے پر بیگ میں سے سوا کلو کے قریب کوکین برآمد ہوئی۔ تاہم گرفتاری پر ملزم نے کہا کہ وہ تو تھائی لینڈ جا رہا تھا، اُسے یہ بیگ اُس کے ایک کزن نے اپنے ایک رشتہ دار کو پہنچانے کی خاطر دِیا تھا۔ اس کے اندر کیا شے تھی، وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتا۔ ایک کسٹم اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے بارے میں مخبری ہوئی تھی کہ وہ اپنے پاس موجود منشیات متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں اسمگل کرنے والا ہے۔ جس کی بناء پر اُسے گرفتار کیا گیا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 24 دسمبر 2018ء کو سُنایا جائے گا۔