کشمیریونیورسٹی کے طلباء کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف دستخطی مہم کا آغاز

طلباء کے آزادی کے حق میں نعرے ‘ بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقو ق پامالیوںکی شدید مذمت

بدھ 12 دسمبر 2018 12:28

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کشمیر یونیورسٹی کے طلباء نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوںکی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقو ق پامالیوں کے خلاف احتجاج کیلئے ایک دستخطی مہم کا آغاز کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بڑی تعداد میں طلباء نے سرینگر میں یونیورسٹی کی اقبال لائبریری کے باہر اکٹھے ہو کر مہم میں حصہ لیا۔

مہم کااہتمام کشمیر یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین نے کیا ۔

(جاری ہے)

طلباء نے آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے اور بھارتی فوجیوںکی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقو ق پامالیوںکی شدید مذمت کی ۔ کشمیر یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ یونین کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری حقوق انسانی کی پامالیوں کی شدید مذمت کرتی ہے ۔

سٹوڈنٹس یونین نے دستخطی مہم کو کشمیر کے بارے میں ایک ریفرنڈم قراردیا۔ بیان میں کہاگیا کہ ہمارا یقین ہے کہ غیر قانونی تسلط کے خلاف مزاحمت بنیادی انسانی حقوق ہے اور اس سلسلے میں کشمیر یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین کشمیری عوام کی نمائندگی کررہی ہے ۔ ایک طالبہ نے کہاکہ ہم اس مزاحمتی تحریک کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔