کشمیر یونیورسٹی کے طلباء نے انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف دستخطی مہم کا آغاز کردیا

بدھ 12 دسمبر 2018 12:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کشمیر یونیورسٹی کے طلباء نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوںکی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقو ق پامالیوں کے خلاف احتجاج کے لئے ایک دستخطی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بڑی تعداد میں طلباء نے سرینگر میں یونیورسٹی کی اقبال لائبریری کے باہر اکٹھے ہو کر مہم میں حصہ لیا۔

مہم کا اہتمام کشمیر یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین کی جانب سے کیا گیا۔

(جاری ہے)

طلباء نے آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے اور بھارتی فوجیوںکی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقو ق پامالیوںکی شدید مذمت کی ۔ کشمیر یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہاگیا ہے کہ یونین کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری حقوق انسانی کی پامالیوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔

سٹوڈنٹس یونین نے دستخطی مہم کو کشمیر کے بارے میں ایک ریفرنڈم قراردیا جارہا ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ ہمارا یقین ہے کہ غیر قانونی تسلط کے خلاف مزاحمت بنیادی انسانی حقوق ہے اور اس سلسلے میں کشمیر یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین کشمیری عوام کی نمائندگی کررہی ہے ۔ ایک طالبہ نے کہاکہ ہم اس مزاحمتی تحریک کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔