Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض پارٹی سے ناراض؟

وفاقی وزیر پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم راجہ ریاض نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 دسمبر 2018 12:23

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض پارٹی سے ناراض؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 دسمبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم راجہ ریاض نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوادیا ہے۔ استعفے کے متن میں کہا گیا کہ عہدے پر ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتا، البتہ میں بطور رکن قومی اسمبلی کام کروں گا۔

مرکز میں نئی ذمہ داری دیتے وقت مجھے اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔ پارلیمانی سیکرٹری بنانے سے پہلے رائے طلب نہیں کی گئی تھی۔ راجہ ریاض کے استعفے سے متعلق وزیراعظم آفس کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ راجہ ریاض کے اس طرح اچانک استعفیٰ دینے کے حوالے سے کئی چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ راجہ ریاض نے پارٹی قیادت سے ناراضگی اور اختلافات کی وجہ سے استعفیٰ دیا ہے البتہ اس حوالے سے تاحال کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 13 مئی 2016ء کو پنجاب کے سابق سنیئروزیراور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ ریاض نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ راجہ ریاض نے عام انتخابات 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ہی حصہ لیا تھا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 110 فیصل آباد X سے پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار راجہ ریاض احمد کامیاب ہوئے تھے جس کے بعد انہیں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم تعینات کیا گیا تھا لیکن بظاہر راجہ ریاض ااپنی اس تعیناتی سے ناخوش تھے جس کے تحت انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور کہا ہے کہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم کے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں لیکن وہ پارٹی اور حکومت کے لیے بطور رکن قومی اسمبلی کام کرتے رہیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات