نئے ایم ڈی پی سی بی کا انگلش کاﺅنٹی ٹیموں کو پاکستان لانیکا پلان

اس اقدام سے انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کی ہماری مہم کو مزید تقویت ملے گی:وسیم خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 دسمبر 2018 12:44

نئے ایم ڈی پی سی بی کا انگلش کاﺅنٹی ٹیموں کو پاکستان لانیکا پلان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12دسمبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی ) وسیم خان نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا عمل تیز کرنے کا عزم ظاہر کردیا،کہتے ہیں کہ سکیورٹی انتظامات کو بہتر کیا گیا ہے لیکن مزید گنجائش بھی موجود ہے ، میں انگلش کاﺅنٹی کی ٹیموں کو پاکستان لانے کی کوشش کروں گا ۔ایک انٹرویو میں وسیم خان نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا عمل تیزکرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا،وہ دیگر ملکوں کے کرکٹ بورڈز سے اپنے اچھے تعلقات کا بھرپور استعمال کریں گے ،پاکستان نے غیر ملکی ٹیموں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے جو اقدامات کیے ان میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے،ان پلانز میں کئی ایسے خلا محسوس ہوئے جن کی وجہ سے غیرملکی ٹیموں کے سکیورٹی سربراہان اپنے کرکٹ بورڈز کو کلیئرنس نہیں دیتے،وہ ان سے مل کر یہ جاننے کی کوشش کریں گا کہ تحفظات کو دور کرنے کے لیے مزید کیا اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں، ہمیں ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے چھوٹے چھوٹے قدم اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا ، لاہور میں موجود نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہر طرح کی سہولیات موجود ہیں ،وہ اپنے تعلقات کا استعمال کرتے ہوئے کاﺅنٹی ٹیموں کو پاکستان لانے کی کوشش کریں گے ،انگلش کرکٹرز یہاں سے خوشگوار یادیں لے جائیں گے تو انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کی ہماری مہم کو مزید تقویت ملے گی،ہمارے پاس اس کے علاوہ بھی کئی تجاویز ہیں ،دیگر ممالک کی اے ٹیموں کو پاکستان لانا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہوگا۔

(جاری ہے)

وسیم خان کامز ید کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) ایک اچھی پروڈکٹ بن چکی ہے اور اس کے میچز کا ملک میں انعقاد بھی غیرملکی کرکٹرز اور بورڈ کی رائے تبدیل کرنے کا ذریعہ بنے گا،ہم یواے ای میں تمام تر سہولیات ہونے کے باوجود میدان تماشائیوں سے نہیں بھر سکتے اس لیے قومی ٹیم کے میچزپاکستان میں ہونے سے کھلاڑیوں اور بورڈ دونوں کو فائدہ ہوگا۔