کاشتکار حالیہ سردی کے پیش نظر فصلوں کوکورے سے بچانے کیلئے تجویز کر دہ سفارشات پر عمل کریں‘ محکمہ زراعت

بدھ 12 دسمبر 2018 12:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) کاشتکار حالیہ سردی کی شدید لہر کے پیش نظر فصلوں، پھلدار پودوں اور سبزیوںمحکمہ زراعت کی ہدایات پر عمل کریں۔ محکمہ زراعت پنجاب ترجمان نے کہا ہے کہ نئے چھوٹے باغوں اور نرسریوں خصوصاً آم کے پودوں کو کورے کی وجہ سے جھلسنے کا خطرہ ہوتا ہے اس لئے پودوں کو فوری طور پر ڈھانپ دیں‘ ٹہنیوں اور سرکنڈے سے بھی پودوں کو جزوی طور پر ڈھانپا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ بعض اوقات کاشتکار کھاد والی پلاسٹک کی بوریوں سے پودوں کو ڈھانپ دیتے ہیں، ایسی صورت میں بوریوں کا منہ نیچے سے کھلا رکھیں اور دن کے وقت پودوں سے بوریا اتار دیں جبکہ رات کو پودوں کو دوبارہ ڈھانپ دیں‘ فصلوں، باغات اور سبزیوں کی ہلکی آبپاشی کریں اور پودوں کے تنوں کو بورڈ و پیسٹ لگائیں۔

(جاری ہے)

چھوٹی نرسریوں اور سبزیوں کو پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں اور فصل کے شمال کی طرف سرکنڈہ لگا دیں تاکہ فصل شمال کی طرف سے آنے والی ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رہے، ضرورت پڑنے پر چھوٹے پودوں اور سبزیوں کو کورے اور سردی سے محفوظ رکھنے کے لئے ان کے نزدیک بعد از سہ پہر دھواں کریں‘ پلاسٹک ٹنل میں کاشت کی جانے والی سبزیوں کور کریں تاکہ درجہ حرارت موزوں رہے اور دن میں 10بجے ٹنل کا منہ کھولیں تاکہ اندر کا درجہ حرارت بڑھنے نہ پائے اور شام کو 4 بجے ٹنل کا منہ بند کر دیں تاکہ فصل کورے سے متاثر نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :