ہری پور پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات کیلئے چار رکنی کمیشن قائم،

دونوں باڈیز کے انتخابات ایک ہی دن ہوں گے

بدھ 12 دسمبر 2018 12:58

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) ہری پور پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات کیلئے چار رکنی الیکشن کمیشن قائم کر دیا گیا، کئی صحافیوں کو ممبر شپ دیدی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہری پور پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس ہری پور کی جنرل باڈی کا اہم اجلاس پریس کلب میں منعقد ہوا جس میں اکثریتی ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سینئر صحافی و بانی پریس کلب عبدالوحید ربانی، شوکت الرحمن اور یونس پاکستانی کو پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ جبکہ دانش احمد، سلمیان بشیر، عدنان مبارک، فضل رازق، محمد عاصم، محمد عدیل اعوان، محمد کامران، قاضی فیصل الرحمن، محمد اسحاق، خورشید احمد، توقیر حسین، محمد ارشاد زرگر، مغفورالرحمن، راشد محمود اور شاہد اختر اعوان کو یونین آف جرنلسٹس کی ممبر شپ دینے کا اعلان کیا گیا جس کے بعد صدر پریس کلب ذاکر حسین تنولی اور جنرل سیکرٹری ملک فیصل اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہری پور پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس ہری پور کے صحافیوں کی نمائندہ تنظیمیں ہیں جو ہر سطح پر صحافیوں کے حقوق کیلئے کام کر رہی ہیں، صحافیوں کو بھی چاہئے کہ وہ ہر دو اداروں کی بہتری ترقی اور وسیع تر مفاد میں کام کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے رواں ماہ 31 دسمبر سے قبل سالانہ انتخابات کا بھی اعلان کیا جس پر مجلس عاملہ کے چیئرمین نعیم عابد نے الیکشن کمیشن کے ممبران کا اعلان کیا جس کے مطابق ملک جمیل چیئرمین، حاجی عبدالرشید وائس چیئرمین اور اسحق خان اور سردار عبدالقیوم ممبران ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا دونوں باڈیز کے انتخابات ایک ہی دن ہوں گے اور الیکشن کمیشن جلد اپنا اجلاس طلب کر کے الیکشن شیڈول اور 31 دسمبر سے قبل انتخابات کا عمل مکمل کر کے نومنتخب کابینہ کا اعلان کرے گا۔ اجلاس میں سینئر صحافی ممتاز خان کے چچا اور سید خادم شاہ کی والدہ کے انتقال پر ان کے ایصال ثوات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔