پنجم اور ہشتم کے امتحانات کے حوالہ سے کوئی غیر قانونی فیصلہ نہیں مانیں گے۔ ’’پن ‘‘ہری پور

بدھ 12 دسمبر 2018 12:58

ہری پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) جماعت پنجم اور ہشتم کے امتحانات کے حوالہ سے کوئی غیر قانونی فیصلہ نہیں مانیں گے، عدالت عالیہ کے فیصلوں کا مکمل احترام کرتے ہیں، نجی شعبہ تعلیم کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی بھی فیصلہ صوبہ بھر کیلئے ناقابل قبول ہو گا، سپیشل سیکرٹری تعلیم رسمی کارروائی کے بعد نجی شعبہ تعلیم کو دیوار سے لگانے کا طرز عمل تبدیل کریں، سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر کیا جانے والا فیصلہ ہی عدالت عالیہ کی روشنی میں قابل قبول ہو گا، زبر دستی مسلط کئے جانے والے کسی بھی فیصلہ پر سپیشل سیکرٹری کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ دائر کریں گے۔

اس بات کا اعلان پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (پن) ضلع ہری پور کے عہدیداروں نے اپنے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ضلعی کابینہ نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں اور محکمہ تعلیم کے مابین کچھ عرصہ سے حالات معمول پر آ رہے تھے کہ ایسے میں سپیشل سیکرٹری تعلیم پھر سے ارتعاش پیدا کر رہے ہیں جس سے صوبہ بھر میں بے چینی کی فضاء پھیل رہی ہے، مشاورت کے نام پر رسمی کارروائی پوری کرنے کی بجائے باضابطہ اعتماد میں لئے جانے کے عمل کا آغاز ہونا چاہئے۔

ضلعی کابینہ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، سپیکر صوبائی اسمبلی اور مشیر تعلیم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورت حال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صوبہ بھر کے نجی تعلیمی اداروں کی بے چینی کا خاتمہ کریں۔ اجلاس میں ممتاز ماہرین قانون اور نجی تعلیمی اداروں کے پرنسپل حضرات نے شرکت کی۔