شہبازشریف کے راہداری ریمانڈ میں قومی اسمبلی سیشن کے اختتام تک توسیع

بدھ 12 دسمبر 2018 14:01

شہبازشریف کے راہداری ریمانڈ میں قومی اسمبلی سیشن کے اختتام تک توسیع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد شہبازشریف کے راہداری ریمانڈ میں توسیع کردی۔ احتساب عدالت کی جانب سے شہبازشریف کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ دیا گیا تھا جو بدھ کے روز ختم ہونا تھا تاہم اپوزیشن لیڈر شہباز شریف قومی اسمبلی کے رواں سیشن میں شرکت کررہے ہیں جس کے باعث ان کے راہداری ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی گئی۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔عدالت کی جانب سے قومی اسمبلی کے سیشن ختم ہونے تک شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں توسیع کی گئی ہے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف آشیانہ اقبال ہائوسنگ سکیم کیس میں نیب کے زیر تفتیش ہیں اور عدالت نے ان کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمارنڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھیج رکھا ہے۔