امریکہ نے پاکستان کو مذہبی پابندیوں کی خصوصی تشویشی فہرست سے استثنیٰ دے دیا

امریکہ کے اس اقدام کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 دسمبر 2018 13:37

امریکہ نے پاکستان کو مذہبی پابندیوں کی خصوصی تشویشی فہرست سے استثنیٰ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 دسمبر 2018ء) : امریکہ نے پاکستان کو مذہبی پابندیوں کی خصوصی تشویشی فہرست سے استثنیٰ دے دیا اور امریکہ کے اس اقدام کو سفارتی محاذ پر پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان کو استثنیٰ امریکی وزیرخارجہ کی جانب امریکہ کے اہم قومی مفاد کے تحت دیا گیا ہے۔

سفارتی سطح پر امریکہ کے اس فیصلے کو پاکستان کی اب تک کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کا نام مذہبی آزادیوں کی غیر تسلی بخش صورت حال رکھنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا تھا۔ امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ 28 نومبر کو کیا۔

(جاری ہے)

ان ممالک میں پاکستان کے علاوہ برما، چین، اریٹریا، ایران، شمالی کوریا، سوڈان، سعودی عرب، تاجکستان اور ترکمانستان شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں امریکہ محض تماشائی کا کردار ادا نہیں کرے گا، مذہبی آزادی کے بین الاقوامی قوانین کی حفاظت اور ان کا فروغ ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جس کے بعد پاکستان نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے امریکہ کو کرارا جواب دیا اور کہا کہ تعصب پرمبنی یہ رپورٹ امریکہ کی غیرجانبداری پرسوالیہ نشان ہے ۔

پاکستان کواپنی اقلیتوں سے متعلق بیرونی مشورے کی ضرورت نہیں ہے۔ امریکہ کو کرارا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی چارفیصد آبادی اقلیتوں پرمشتمل ہے۔ یہاں آئین میں اقلیتوں کومساوی انسانی حقوق دیے گئے ہیں اور مختلف مذاہب اور عقائد کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں، پارلیمنٹ میں اقلیتوں کے لیے نشستیں مخصوص ہیں۔ پاکستان کی عدلیہ نےاقلیتوں اوران کےعبادت گاہوں سے متعلق تاریخی فیصلے کیے، پاکستان میں اقلیتوں سےمتعلق انتہائی فعال اورآزاد کمیشن کام کررہا ہے۔ جس کے بعد اب امریکہ نے پاکستان کو مذہبی پابندیوں کی خصوصی تشویشی فہرست سے استثنیٰ دے دیا ہے۔