صدر مملکت سے وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری کی ملاقات، سعودی عرب کے ساتھ حج معاہدوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی

سعودی فرمانروا سے نئی مردم شماری کے مطابق پاکستان کے حج کوٹے میں اضافے کی درخواست کریں گے، ڈاکٹر عارف علوی

بدھ 12 دسمبر 2018 14:40

مدینہ منورہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے ملاقات کی۔ جس میں صدر مملکت کو وزیر مذہبی امور کی طرف سے سعودی عرب کے ساتھ حج معاہدوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق بدھ کو یہاں وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیر مذہبی امور نے صدر مملکت کو سعودی حکام کے ساتھ مذاکرات اور حج معاہدوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی حجاج کے کوٹے میں5 ہزار کے اضافے کو خوش آئند قرار دیا۔ صدر مملکت نے عندیہ ظاہر کیا کہ وہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے اپنی ملاقات میں نئی مردم شماری کے مطابق پاکستان کے حج کوٹے میں اضافے کی درخواست کریں گے۔ بعد ازاں ڈاکٹر نور الحق قادری نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری دی۔ اس موقع پر ملک و ملت کی خوشحالی اور ترقی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔