زرعی ماہرین کا کھجور کے پودوں کو فاسفورس کھاد کی پوری اور نائٹروجن کی آدھی مقدار ڈالنے کا مشورہ

بدھ 12 دسمبر 2018 15:25

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) ماہرین زراعت نے کھجور کے کاشتکاروں کو اگلے 15روز کے دوران پودوں میں گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ باغبان و کاشتکار دسمبر کے اختتام تک کھاد ڈالنے کا عمل مکمل کر لیں جبکہ انہوںنے اگلے ماہ جنور ی کے دوران کھجور کے پودوں کو فاسفورس کھاد کی پوری اور نائٹروجن کی آدھی مقدار ڈالنے کا بھی مشورہ دیاہے۔

انہوںنے بتایاکہ کاشتکاروں کو 4سی5کلوگرام ایس ایس پی یا 2کلوگرام ٹی ایس پی اور ایک کلوگرام یوریا کھاد فی پودا استعمال کروانی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ پھل نہ دینے والے کھجور کے پودوں کیلئے بھی ضروری ہے کہ انہیں آدھی کیمیائی کھاد 31دسمبر تک گوبر والی کھادکے ساتھ اور بقیہ کھاد فروری کے آخری ہفتہ میں ڈالی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کھاد تنے سے ایک فٹ دور درخت کی شاخوں کے پھیلائو کے برابر زمین میں ڈال کر اچھی طرح گوڈی کرنے سے اس کے بہترین نتائج حاصل ہو سکتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار گوڈی کے بعد پانی لگا دیں ۔ انہوںنے 31دسمبر سے قبل درختوں کی شاخ تراشی ، پرانے پتوں کو توڑنے ، جن شاخوں پر پھل لگ چکا ہو انہیں کاٹنے اور نئے پتوںسے کانٹے ختم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ یہ کانٹے پھل کو زخمی نہ کرسکیں۔ انہوںنے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی اور مشاورت کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :