کاشتکار فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے جڑی بوٹیوں کابروقت خاتمہ یقینی بنائیں، زرعی ماہرین

بدھ 12 دسمبر 2018 15:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ گندم سمیت دیگر فصلات میں موجود جڑی بوٹیاں فصل کی پیداواری صلاحیت کو بری طرح متاثر کرتی ہیں جس کے باعث فی ایکڑ پیداوار میں بھی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس لیے کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی کو بروقت یقینی بنائیں اور جڑی بوٹیاں ختم کرنے کیلئے داب کا طریقہ استعمال کریں کیونکہ یہ طریقہ انتہائی آسان ترین ، سب سے سستا اور مؤثر ہے تاہم جڑی بوٹیوںکو بار ہیرو ، گوڈی اور دیگر کیمیائی و غیر کیمیائی طریقوں سے بھی ختم کر کے گندم کی پیداوار میں 14سے 42فیصد تک اضافہ یقینی بنایا جاسکتاہے۔

انہوںنے بتایاکہ بارہیرو طریقہ بوائی کے بعد بارش کے بعد زمین کے وتر حالت میں آنے پر ختیار کیا جانا چاہئے کیونکہ دوھری بارہیرو چلانے سے جنگلی جئی اور دمبی سٹی جیسی جڑی بوٹیاں تلف ہوجاتی ہیںاور گوڈی کا عمل جڑی بوٹیوں کی تلفی کے علاوہ فصل کی نشوونما کے لیے بھی مفید ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ جڑی بوٹیوں کو آغاز ہی میں ختم کرنے کے لیے پودوں کے صحیح اگائو کے بعد کھرپے یا کسولے کے ذریعے گوڈی کرکے کھیت کو جڑی بوٹیوں سے پاک کیا جاسکتاہے اور کیمیائی طریقہ انسداد کے ذریعے جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کے لیے مختلف کیمیائی زہریں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ گھاس نما یعنی باریک پتوں والی جڑی بوٹیوں کے لیے علیحدہ زہریں استعمال کرنی چاہئیں اور اسی طرح چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں کے لیے مخصوص زہریں استعمال کرنی چاہئیں ۔ انہوںنے کہا کہ ماہرین زراعت اور محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت سے زہروں کا انتخاب کرنا چاہئے تاکہ جڑی بوٹیوں کی بروقت اور مؤثر تلفی یقینی ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :