مکہ مکرمہ: منشیات کی برآمدگی پر دوغیر مُلکی گرفتار

ملزمان کے قبضے سے 61 کلوگرام بُوٹی ’قات‘ برآمد ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 دسمبر 2018 15:02

مکہ مکرمہ: منشیات کی برآمدگی پر دوغیر مُلکی گرفتار
مکّہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر2018ء ) ہائی وے پولیس نے ایک کارروائی کے دوران نشہ آور بُوٹی کی بڑی مقدار برآمد کر کے دو غیر مُلکیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان دونوں افراد کا تعلق ہندوستان سے ہے۔ یہ دونوں افراد ہائی وے پر سفر کر رہے تھے۔جب الساحل روڈ پر قائم ایک چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں نے اُن کی گاڑی کو روکا اور اس کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے کوئی ممنوعہ شے برآمد نہ ہوئی۔

تاہم اس تلاشی کے دوران دونوں افراد انتہائی گھبراہٹ کا شکار دکھائی دیئے اور بے چینی سے پہلو بدلتے رہے۔ اُن کی اس حالت کو دیکھ کر چیک پوسٹ پر مامور اہلکاروں کو شک گُزرا ، جس پر گاڑی کی مزید تلاشی لی گئی تواُس میں ایک خفیہ خانے کا پتا چلا۔ اس خفیہ خانے میں سے بڑی مقدار میں نشیلی بُوٹی ’قات‘ کی گانٹھیں برآمد ہوئیں۔

(جاری ہے)

جس پر ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے محکمہ انسدادِ منشیات کے پاس مزید تفتیش کی غرض سے سونپ دیا گیا جہاں اُن سے تفتیش مکمل کرنے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

محکمہ انسدادِ منشیات کے مطابق ملزمان سے نشہ آور بُوٹی کی تقریباً 61کلو گرام کی گانٹھیں برآمد ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ کہ سعودی عرب میں منشیات کا استعمال کرنے والوں اور اسے اسمگل کرنے والوں کے لیے کوئی معافی نہیں ہے۔سعودی عرب نے منشیات کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ جس کے باعث بہت کم لوگ سعودی عرب میں منشیات منتقل کرنے کی جرأت کرتے ہیں اور زیادہ تر مؤثر سیکیورٹی نظام کے باعث پکڑے جاتے ہیں اور اپنی جان سے محروم ہو جاتے ہیں۔